فوجی نے اپنے ساتھیوں پر گولی چلاکر 2کو ابدی نیند سلادیا دو زخمی
سرنکوٹ پونچھ میں جمعہ کے روز ایک فوجی کیمپ میں برادری کشی کے واقعے کے نتیجے میں 2فوجی اہلکار ہلاک اور دو دیگر زخمی ہوئے ہیں جن کو فوجی ہسپتال پہنچایا گیا ہے جہاں ان کا علاج و معالجہ جاری ہے ۔اطلاعات کے مطابق سرنکوٹ پونچھ میں ایک فوجی کیمپ میں تعینات فوجی اہلکاروں کے مابین کسی بات پر توں تو میں میں ہوئی جس دوران آپسی گولہ باری میں 2فوجی اہلکار ہلاک ہوئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق سرنکوٹ میں 156ٹریٹوریل آرمی کے فوجی اہلکاروں کے مابین کسی بات پر جھگڑا ہوا جس نے بھیانک صورتحال اُس وقت اختیار کی جب فوجیوں نے ایک دوسرے پرگولیاں برسائیں جس کے نتیجے میں ایک فوجی اہلکار سپاہی ابرار احمد موقعے پر ہی ہلاک ہوا جبکہ دیگر تین اہلکار جن میں سپاہی مکھن سنگھ ، نائک خلیل احمد اور نایک امتیاز احمد شدید زخمی ہوئے جن کو فوری پر فوجی ہسپتال اودھمپور منتقل کیا گیا جہاں پر ان میں سے نائک امتیاز احمد زخموں کی تاب نہ لاکر چل بسا ۔ جبکہ دیگر دو زخمیوں کی حالت بھی نازک بنی ہوئی ہے ۔ اس ضمن میں پولیس نے کیس درج کرکے معاملے کی چھان بین شروع کردی ہے ۔ ادھر ذرائع نے بتایا کہ فوجیوں کے مابین کسی بات پر ان بن ہوئی تھی جو بعد میں ہاتھ آپائی میں تبدیل ہوئی اور دیکھتے ہی دیکھتے فوجیوں نے ایک دوسرے پر بندوقیں تان کر گولیاں برسائیں ۔ ادھر فوج نے بھی اس معاملے کی الگ سے تحقیقات کرانے کی ہدایت دی ہے ۔