بنگلورو: ۰۲ مارچ (یو این آئی) کرناٹک کے وزیر اعلی بسواراج بومئی نے اتوار کو کہا کہ ریاستی حکومت حجاب کیس میں درخواستوں کو خارج کرنےوالے چیف جسٹس ریتو راج اوستھی سمیت تین ججوں کو وائی زمرہ کی سکیورٹی فراہم کرے گی۔ مسٹر بومئی نے یہاں نامہ نگاروں کو بتایا کہ حکومت نے حجاب پر فیصلہ سنانےوالے کرناٹک ہائی کورٹ کے تین ججوں کو وائی کلاس سکیورٹی فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ واضح رہے کہ تمل ناڈو توحید جماعت کے رہنما کووئی قوی رحمت اللہ نے جمعرات کو مدورئی میں ایک جلسے سے خطاب کرتے ہوئے ججوں کو موت کی دھمکی دی تھی۔ رحمت اللہ کا ایک ویڈیو وائرل ہوا تھا جس میں توحید جماعت کے رہنما کو یہ کہتے ہوئے سنا جا سکتا ہے کہ جیسے جھارکھنڈ کے ایک جج کا قتل ہوا تھا،ویسے ہی کرناٹک کے ججوں کو حجاب کے فیصلے پر شدید نتائج بھگتنے پڑ سکتے ہیں۔ وزیراعلی نے کہا کہ اسمبلی پولیس کے پاس شکایت درج کرائی گئی ہے اور پولیس ڈائریکٹر جنرل کو فوراً معاملے کی جانچ کرکے ملزم کو حراست میں لینے کےلئے کہا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم ملک مخالف لوگوں کے ایسے کاموں کو برداشت نہیں کرسکتے۔ ہمیں اس حرکت کو روکنا ہوگا۔