شمالی قصبہ ہند وارہ کے لنگیٹ علاقے میں مختصر شوٹ آوٹ کے دوران حالیہ میں عسکری صفوں میں شامل ہوا جنگجو زخمی ہو گیا جس کے بعد انہیں گرفتار کیا گیا ۔ اس دوران معلوم ہوا ہے کہ ایک جنگجو جائے واقعہ سے فرار ہو گیا جس کو ڈھونڈنکالنے کیلئے آپریشن وسیع پیمانے پر جاری ہے ۔تفصیلات کے مطابق جنگجوﺅںکی نقل و حمل کی مصدقہ اطلاع ملنے کے بعد فوج و فورسز اور جموں کشمیر پولیس کی مشتر کہ پارٹی نے ہند وارہ کے لنگیٹ علاقے میںناکہ لگایا ۔ ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ جونہی علاقے میں موجود دو عسکریت پسندوں نے ناکہ دیکھا تو انہوں نے فرار ہونے کی کوشش میں ناکہ پارٹی پر فائرنگ کی جس کے ساتھ ہی وہاں مختصر گولیوں کا تبادلہ ہو گیا اور طرفین کے مابین کچھ منٹوں تک چلنے والی گولی باری میں ایک عسکریت پسند زخمی ہو گیا جس کو بعد میں سیکورٹی فورسز نے گرفتار کر لیا جبکہ دوسرا اس ساتھی جائے واردات سے فرار ہونے میںکامیاب ہو گیا ۔ پولیس کے ایک سنیئر آفیسر نے اس کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ علاقے میں فوج و فورسز اور عسکریت پسندوں کے مابین مختصر گولیوں کا تبادلہ ہوا جس دوران ایک جنگجو زخمی ہو گیا جس کو بعد میں گرفتار کر لیا گیا ۔ پولیس کے مطابق گرفتار شدہ جنگجو کی شناخت ابرار احمد ساکنہ آزاد گنج بارہمولہ کے بطور ہوئی ہے اور وہ حالیہ میں عسکری صفوں میں شامل ہو گیا تھا ۔ پولیس کے مطابق ابرار سنگ باز تھا جس کے خلاف عسکریت پسندوں کے معاون ہونے کا کیس بھی درج تھا اور اس سلسلے میں مزید تحقیقات جاری ہے ۔ انہوںنے بتایا کہ دوسرا جنگجو فرار ہو گیا جس کی تلاش بڑے پیمانے پر جاری ہے ۔