سرینگرجموں شاہراہ پر جمعہ کو سڑک کے ایک المناک حادثے میں شمالی ضلع بارہمولہ کا ڈرائیور جاں بحق ہو گیا ہے ۔ ادھر جونہی ڈرائیورکے موت کی خبر ان کے آبائی علاقے میں پہنچ گئی تو وہاں کہرام مچ گیا ۔ سرینگر جموں شاہراہ پر پنتھال کے نزدیک جمعہ کو سڑک حادثہ پیش آیا۔ نمائندے نے پولیس ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب ایک ٹویرا گاڑی ڈرائیور کے قابو سے باہر ہو کر گہری کھائی میں جاگری جس کے نتیجے میں گاڑی کا ڈرائیور شدید طورپر زخمی ہو گیا ، ذرائع نے بتایا کہ گاڑی کے ڈرائیور جس کی شناخت ظہور احمد الائی ولد فتح محمد ساکن واری پورہ کریری بارہمولہ کے بطور ہوئی کو شدید زخمی حالت میں علاج و معالجہ کیلئے نزدیکی اسپتال پہنچایا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاکر دم توڑ بیٹھا ۔ پولیس کے ایک سنیئر آفیسر نے اس کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ضروری لوازمات کی ادئیگی کیلئے ڈرائیور کی نعش تحویل میں لی گئی ہے جس کے بعد اسکو لواحقین کے سپرد کیا جائے گا ۔