الریاض( یواین آئی) متحدہ عرب امارات (یواے ای) کے ابو ظہبی ایئرپورٹ پر حملے کے بعد سعودی فوجی اتحاد کی یمن میں باغیوں پر بمباری میں تیزی آگئی ہے اور اتحادی افواج کے حملے میں جیل تباہ ہوگئی جس سے 70 افراد ہلاک ہوگئے ۔ غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق سعودی فوجی اتحاد کی حوثی باغیوں کے مضبوط شہر صعدہ پر بمباری کے نتیجے میں جیل تباہ ہوگئی، 3 بچوں سمیت 70 سے زائد افراد ہلاک ہوگئے جبکہ 138 زخمی ہیں ۔ سعودی اتحاد نے یمن کے ساحلی شہر حدیدہ پر بمباری کرکے کمیونیکیشن مرکز تباہ کردیا جسکے بعد یمن بھر میں انٹرنیٹ سروس معطل ہوگئی۔ اتحادی افواج کے ترجمان نے کہا ہے کہ حوثی باغیوں کے ہر حملے کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔ دوسری جانب سلامتی کونسل نے باغیوں کے ابوظہبی پر حملے کی مذمت بھی کی ہے ۔