کیرالہ، مہاراشٹر، تامل ناڈو، بنگال، میزورم، کرناٹک، بہار، اتر پردیش، جھارکھنڈ اور پنجاب میں ٹیمیں ہر شام رپورٹ دیں گی
نئی دہلی(یو این آئی) اومیکرون سمیت کووڈ کے بڑھتے ہوئے انفیکشن کے پیش نظر مرکزی حکومت نے کیرالہ، مہاراشٹر اور میزورم سمیت 10 ریاستوں میں مرکزی ٹیمیں تعینات کی ہیں، جو ہر شام اپنی رپورٹ دیں گی۔ مرکزی وزارت صحت و خاندانی فلاح و بہبود نے یہاں بتایا کہ مرکزی ٹیمیں کیرالہ، مہاراشٹر، تمل ناڈو، مغربی بنگال، میزورم، کرناٹک، بہار، اتر پردیش، جھارکھنڈ اور پنجاب میں تعینات کی گئی ہیں۔ یہ ٹیمیں روزانہ شام سات بجے اپنی رپورٹ پیش کریں گی۔ وزارت نے بتایا کہ یہ ٹیمیں ان ریاستوں میں تعینات کی گئی ہیں جہاں کووڈ-19 کے انفیکشن میں اضافے یا اومیکرون کے زیادہ مریض سامنے آنے کی اطلاعات ہیں۔ اس کے علاوہ یہ ٹیمیں ان ریاستوں میں بھی بھیجی گئی ہیں جہاں کووڈ ویکسینیشن قومی اوسط سے کم ہے ۔ یہ ٹیمیں کووڈ ویکسینیشن، ہسپتالوں میں بستروں کی دستیابی، کووڈ ٹیسٹنگ اور جینوم سیکوینسنگ وغیرہ کی دیکھ بھال کریں گی۔