جموں و کشمیر میں سلامتی کی صورتحال اگست2019 سے بہتر
سڑکوں، بجلی، صحت، تعلیم، سیاحت، زراعت،جیسے مختلف شعبوں میں21 منصوبے مکمل ،باقی 32 منصوبے زیرتکمیل
مرکزی حکومت نے بدھ کو بتایاکہ جموں و کشمیر میں سلامتی کی صورتحال اگست2019 سے بہتر ہوئی ہے۔مرکزی وزیرمملکت برائے داخلی امور نتیانند رائے نے راجیہ سبھا کو بدھ کو بتایا گیا کہ جموں و کشمیر میں اگست2019 سے سیکورٹی کی صورتحال میں نمایاں بہتری آئی ہے اور دہشت گردی کے واقعات میں نمایاں کمی آئی ہے جبکہ سرحد پار سے دہشت گردوں کی دراندازی میں بھی کمی آئی ہے۔ساتھ ہی انہوںنے کہاکہ جموں و کشمیر کو 31ہزار کروڑ روپے کی سرمایہ کاری کی تجاویز موصول ہوئی ہیں ۔ مرکزی وزیر مملکت برائے داخلہ نتیانند رائے نے راجیہ سبھامیں ایک سوال کاجواب دیتے ہوئے کہا کہ جموں و کشمیر میں دہشت گردی کے واقعات کی تعداد 2018 میں417 سے کم ہو کر30نومبرمیں203 درج کئے گئے،انہوںنے ایوان کوبتایاکہ دراندازی 2018 میں 143 سے کم ہو کر31ااکتوبر2021میں28 رہ گئی ہے۔ مرکزی وزیر مملکت برائے داخلہ نتیانند رائے نے کہاکہ حکومت نے دہشت گردوں کے خلاف فعال کارروائیوں کے ساتھ ساتھ ایک مضبوط سیکورٹی اور انٹیلی جنس گرڈ قائم کیا ہے۔ لہذا، اگست2019 سے جموں و کشمیر میں سیکورٹی کی صورتحال میں نمایاں بہتری آئی ہے۔ نتیانندرائے نے کہا کہ دہشت گردی کے واقعات میں نمایاں کمی آئی ہے اور سرحد پار سے دہشت گردوں کی دراندازی میں بھی نمایاں کمی آئی ہے۔مرکزی وزیرمملکت برائے داخلی امور نتیانند رائے نے ایک اورسوال کے جواب میں پارلیمان کے ایوان بالاکوبتایاکہ جموں و کشمیر کو 31ہزارکروڑ روپے کی سرمایہ کاری کی تجاویز موصول ہوئی ہیں۔انہوںنے کہاکہ28,400 کروڑ روپے کی ایک نئی مرکزی سیکٹر اسکیم کو مطلع کیا گیاہے جس سے ساڑھے4 لاکھ سے زیادہ لوگوں کو روزگار فراہم کرنے کا امکان ہے۔مرکزی وزیرمملکت برائے داخلی امورنے کہا کہ مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے اکتوبر میں جموں و کشمیر کے اپنے دورے کے دوران کئی وفود، شہداءکے اہل خانہ، سول سوسائٹی اور پنچایتی راج اداروں کے ارکان، عام طور پر عوام سے ملاقات کی اور4500 یوتھ کلبوں کے تقریباً 50ہزار ارکان سے بات چیت کی۔ انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر حکومت نے 25 ستمبر 2020 کو1,352.99 کروڑ روپے کے کاروباری بحالی پیکج کو منظوری دی ہے۔ وزیرمملکت برائے داخلی امور نتیانند رائے کاکہناتھاکہ سست روی کا شکار پروجیکٹ پروگرام کے تحت 1,983.77کروڑ روپے کے 1192 پروجیکٹس مکمل کیے گئے، جن میں 5پروجیکٹس جو20 سال سے زیادہ عرصے سے نامکمل تھے، 15 پروجیکٹس 15 سال سے زیادہ اور 165 پروجیکٹس10 سال سے زیادہ کے لیے تھے۔مرکزی وزیر نے کہا کہ وزیر اعظم کے ترقیاتی پیکج2015 کے تحت جموں و کشمیر میں لاگو کئے جانے والے پروجیکٹوں کی پیشرفت میں تیزی آئی ہے۔انہوںنے کہاکہ سڑکوں، بجلی، صحت، تعلیم، سیاحت، زراعت، اسکل ڈیولپمنٹ وغیرہ جیسے مختلف شعبوں میں58.477 کروڑ روپے کی لاگت سے 15 وزارتوں سے متعلق کل53 منصوبے لاگو کئے جا رہے ہیں جن میں سے 21 منصوبے مکمل ہو چکے ہیں یا کافی حد تک مکمل ہو چکے ہیں اور بقیہ 32 منصوبے ترقی کے اعلیٰ مرحلے میں ہیں۔