نئی دہلی(یو این آئی) کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے کہا ہے کہ پارلیمنٹ کو چلانا اور عوام سے جڑے مسائل پر بات کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے ۔ پیر کو مسٹر گاندھی نے پارلیمنٹ ہا¶س کے احاطے میں نامہ نگاروں سے کہا کہ پارلیمنٹ کو چلانا حکومت کی ذمہ داری ہے اور اپوزیشن کے ذریعہ اٹھائے گئے عوام سے جڑے مسائل پر ایوان میں بحث ہونی چاہئے لیکن حکومت نہ تو اپوزیشن کوبولنے دیتی ہے اور نہ ہی ایوان چلاپارہی ہے ۔ مسٹر گاندھی نے کہا کہ ان کی پارٹی کسانوں اور عوام کے دیگر مسائل کو پارلیمنٹ میں اٹھانا چاہتی ہے لیکن حکومت موقع نہیں دے رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ان کی پارٹی عوام کو یہ پیغام دینا چاہتی ہے کہ وہ ملک کے عام لوگوں کے لیے کام کریں گے ۔ کانگریس لیڈر نے کہا کہ لداخ کے لوگوں میں ریاست کا درجہ دینے کے معاملے پر کافی غصہ ہے اور وہ اس معاملے کو پارلیمنٹ میں اٹھانا چاہتے ہیں۔ انہوں نے اس سلسلے میں تحریک التوا بھی دی تھی لیکن بدقسمتی سے حکومت عوامی مسائل کو پارلیمنٹ میں اٹھانے کا موقع نہیں دے رہی۔ انہوں نے کہا کہ وہ لداخ کے لوگوں کو پیغام دینا چاہتے ہیں کہ وہ ان کے ساتھ ہیں۔ وہ ان کے درد کو سمجھتے ہیں اور ان کے مسئلے کو اٹھاتے رہیں گے اور ہر وقت ان کے ساتھ کھڑا رہیں گے ۔ مسٹر گاندھی نے اس سلسلے میں ٹویٹ بھی کیا اور کہا کہ یہ کیسی حکومت ہے جسے ایوان کو سنبھالنا نہیں آتا۔ ہم مہنگائی، لکھیم پور، ایم ایس پی، لداخ، پیگاسس، معطل ارکان پارلیمنٹ جیسے مسائل پر اپنی آواز اٹھانا نہیں روک سکتے ۔اگر آپ میں ہمت ہے تو بحث ہونے دو!