واشنگٹن(یواین آئی) امریکہ کی 6 ریاستوں میں طوفانی بگولوں نے تاریخ کی بد ترین تباہی مچائی ہے جن کی وجہ سے پیش آنے والے مختلف حادثات میں کم از کم 100 سے زائد ہلاکتوں کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے جبکہ درجنوں افراد لاپتہ ہیں۔ امریکی صدر جو بائیڈن نے 6 امریکی ریاستوں میں ہوا کے بگولوں سے ہونے والی تباہی کو المیہ قرار دے دیا ہے ۔ صرف ریاست کینٹکی ہی میں 70 اموات واقع ہوئی ہیں، ریاست میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے ۔
کینٹکی کے گورنر نے ریاست میں 100 سے زائد اموات کا خدشہ ظاہر کیا ہے ، کئی ریاستوں میں 5 لاکھ سے زائد گھروں کو بجلی کی فراہمی منقطع ہے ۔ ہوا کے بگولوں نے ریاست کینٹکی میں سب سے زیادہ تباہی مچائی جہاں فیکٹری، فائر اسٹیشن، عمارتیں، کورٹ ہاوس اور گرجا گھروں کو نقصان پہنچا۔الینوائے میں آمیزون کے ویئر ہاو¿س کی چھت گرنے سے ہلاکتوں کی تعداد 6 ہو گئی۔ آمیزون کے چیف جیف بیزوز نے واقعے پر افسوس کا اظہار کیا ہے ۔ واضح رہے کہ امریکہ کی 6 ریاستوں میں جمعہ کی رات 30 کے قریب بگولوں نے تباہی مچائی ہے جس کے نتیجے میں کینٹکی میں 70، الینوائے میں 6، ارکنساس میں2، ٹینیسی میں 4، میزوری میں 1 ہلاکت کی تصدیق ہوئی ہے ۔ حکام نے ہلاکتوں میں مزید اضافہ کا خدشہ ظاہر کیا ہے ۔