نئی دہلی، 10دسمبر (یو این آئی) ملک کے پہلے چیف آف ڈیفنس اسٹاف جنرل بپن راوت کی جمعہ کو مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ آخری رسومات ادا کردی گئیں جنرل راوت کو آرمی پروٹوکول کے تحت 17توپوں کی سلامی دی گئی، جس کے بعد ان کی دونوں بیٹیوں کرتیکا اور تارینی نے انہیں مکھ اگنی دی اور اس کے ساتھ ہی ان کاجسد خاکی پنچ تتو میں ولین ہوگیا
جنرل راوت کے ساتھ ایک ہی چتا پر ان کی اہلیہ محترمہ مدھولیکا راوت کی بھی آخری رسومات ادا کردی گئیں۔اس موقع پر موجود لوگوں نے جنرل راوت امر رہے کے نعروں کے درمیان پرنم آنکھوں سے انہیں آخری دواعی دی۔جنرل راوت، محترمہ راوت اور 11دیگر فوجیوں کی بدھ کو تملناڈو کے کنور میں ایک ہیلی کاپٹرحادثہ میں موت ہوگئی تھی۔اس موقع پر وزیر دفاع راجناتھ سنگھ، اتراکھنڈ کے وزیراعلی پشکر سنگھ دھامی، دہلی کے وزیراعلی اروند کیجریوال اور غیرملکی ہستیوں سمیت کئی معزز افراد موجود تھے۔ سری لنکا کے چیف ڈیفنس پریزیڈنٹ اور فوج کے کمانڈر جنرل شویندر سلوا، سابق چیف ڈیفنس پریزیڈنٹ ایڈمیرل رویندر سی وجے گنا رتنے
، بھوٹان کی فوج کے ڈپٹی چیف آپریشنز افسر بریگیڈیر ڈورجی رنچین، نیپال کے ڈپٹی آرمی چیف لیفٹننٹ جنرل بال کرشن کارکی اور بنگلہ دیش کی فوج کے چیف اسٹاف افسر لیفٹننٹ جنرل وقار الزماں بھی جنرل راوت کی آخری رسومات میں شامل ہوئے۔ ایڈمیرل وجے گنا رتنے نیشنل ڈیفنس کالج میں جنرل راوت کے کورس ایسوسی ایٹ رہے ہیں۔