19جے کے اے ایس افسران کو اعلیٰ درجات میں ترقی، تین افسران ڈائریکٹر جنرل مقرر
سرینگر/جموں و کشمیر حکومت نے جموں و کشمیر ایڈمنسٹریٹو سروس کے 19 افسران کو اعلیٰ درجات میں ترقی دینے کا حکم جاری کیا ہے، جن میں سپر ٹائم اسکیل، اسپیشل اسکیل اور سلیکشن گریڈ شامل ہیں۔ یہ فیصلہ 23 ستمبر 2025 کو وزراءکی کونسل کی منظوری کے بعد کیا گیا۔جنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے جاری کردہ حکم کے مطابق، پانچ افسران کو سپر ٹائم اسکیل (لیول-14) میں ترقی دی گئی ہے۔ ترقی پانے والوں میں ڈاکٹر غلام نبی ایتو ،طارق حسین گنائی، محمد رفیع، شہباز احمد مرزا، اور محترمہ روبینہ کوثر شامل ہیں۔ ان میں سے ڈاکٹر ایتو ،گنائی اور محترمہ کوثر کو اپنے متعلقہ محکموں میں ڈائریکٹر جنرل مقرر کیا گیا ہے، جبکہ باقی دو افسران اپنی موجودہ تعیناتیوں پر کام جاری رکھیں گے۔ایک علیحدہ حکم کے تحت چھ افسران کو اسپیشل اسکیل (لیول-13) میں ترقی دی گئی ہے۔ ترقی پانے والوں میں پرویز سجاد گنائی، ویر کرشن دھر، ڈاکٹر طاہر فردوس دتہ، شوکت محمود، وِشال شرما، اور ڈاکٹر دیس راج بھگت شامل ہیں۔ ان میں سے دھر، محمود، اور شرما کو اپنے متعلقہ محکموں میں اسپیشل سیکریٹری مقرر کیا گیا ہے۔اس کے علاوہ، آٹھ افسران کو سلیکشن گریڈ (لیول-12) میں ترقی دی گئی ہے۔ ان میں محترمہ پرویندر کور، منو ہنسا، ناصر محمود خان، احسن الحق چشتی، محمد اشرف، توفیق احمد غازی، سنجیو شرما، اور محترمہ سنینا سینی شامل ہیں۔ ان میں سے محمد اشرف کو ایڈیشنل سیکریٹری مقرر کیا گیا ہے، جبکہ باقی افسران اپنی موجودہ تعیناتیوں پر کام جاری رکھیں گے۔












