کھنموہ سرینگر میں جے سی بی ڈرائیور مٹی کے تودے کے نیچے دب کر لقمہ اجل
سونہ وار میں آٹو ڈرائیور ازجان اور پٹن میں سڑک حادثے میں ایک شہری کی موت ایک زخمی
سرینگر/26مارچ//وادی میں مختلف حادثات میں 4افراد کی جان چلی گئی ہے ۔ گاندربل میں منگل کے روز ایک گاڑی گہری کھائی میں جاگری جس کے نتیجے میں گاڑی کا ڈرائیور لقمہ اجل بن گیا ۔ کھنموہ سرینگر میں ایک جے سی بی ڈرائیور مٹی کے تودے کے نیچے دب کر لقمہ اجل بن گیا ہے ۔ جبکہ سونہ وار سرینگر میں ایک گاڑی کی ٹکر سے آٹو رکشا ڈرائیور ازجان ہوا ہے ۔ جبکہ پٹن علاقے میں سڑک حادثے میں ایک شخص کی موت واقع ہوئی ہے ۔ ادھر وسطی کشمیر کے ضلع گاندربل میں ایک گاڑی گہری کھائی میں جاگری جس کے نتیجے میں گاڑی کے ڈرائیور کی موت واقع ہوئی ۔اس بیچ حاجن بانڈی پورہ میںایک لڑکی سڑک حادثے میں لقمہ اجل بن گئی ۔ وائس آف انڈیا کے مطابق وسطی کشمیر سرینگر ضلع کے کھنموہ علاقے میں پیر کی دیر رات مٹی کے تودے کے نیچے آکر ایک جے سی بی ڈرائیور کی جان چلی گئی۔ٹی سی آئی اور خیبر فیکٹری کھنموہ کے درمیان، ڈرائیور کے ساتھ ایک جے سی بی مٹی کے تودے کے ملبے تلے دب گیا ۔واقعے کے فوراً بعد ریسکیو آپریشن شروع کیا گیا اور بھرپور کوششوں کے بعد جے سی بی ڈرائیورکی لاش نکال لی گئی جس کی شناخت مشتاق احمد کے نام سے ہوئی ہے۔ادھر سرینگر کے سوناور علاقے میں پیر کی دیر رات گاڑی کی ٹکر سے ایک آٹو رکشہ ڈرائیور ہلاک ہو گیا۔ذرائع کے مطابق آٹو رکشہ ڈرائیور کو پیر کی دیر شام سونوار باغ کے قریب نامعلوم گاڑی نے ٹکر مار دی۔ان کا کہنا تھا کہ اسے علاج کے لیے ایس ایم ایچ ایس اسپتال لے جایا گیا، جہاں پہنچنے پر ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دے دیا۔متوفی کی شناخت محمد اشرف شیخ کے طور پر کی گئی ہے جو جنوبی کشمیر کے پامپور کا رہنے والا ہے۔دریں اثناءشمالی کشمیر کے بارہمولہ کے پٹن علاقے میں پیر کو سڑک حادثے میں ایک بزرگ کی موت ہو گئی، جب کہ دوسرا زخمی ہو گیا۔اطلاعات کے مطابق پٹن کے علاقے زنگام میں اسکوٹی اور موٹرسائیکل کے درمیان تصادم ہوا جس کے نتیجے میں دونوں سوار زخمی ہوگئے۔انہوں نے بتایا کہ دونوں زخمیوں کی شناخت 70 سالہ عبدالسلام تانترے ساکن پلہالن پٹن اور 34 سالہ ارشاد احمد کے طور پر ہوئی ہے جنہیں علاج کے لیے سرینگر کے ایس ایم ایچ ایس اسپتال لے جایا گیا جہاں عبدالسلام تانترے زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسے۔ پولیس نے سبھی معاملات میں متعلقہ دفعات کے تحت کیس درج کرلیا ہے ۔