نئی دہلی: سمارٹ فون آج کے زمانہ میں نوجوانوں کی ایک اہم ضرورت بن چکا ہے اور بعض اوقات مہنگے فون خریدنے کے لئے لوگ کئی طریقوں سے رقم حاصل کرتے ہیں لیکن اوڈیشہ کے ایک نوجوان نے حیرت انگیز طریقہ سے موبائل فون خریدنے کے لئے اپنی بیوی کو ہی فروخت کر دیا۔’انڈیا نیوز‘ کی ایک رپورٹ کے مطابق ریاست اوڈیشہ سے تعلق رکھنے والے 17 سالہ نوجوان نے ایک ماہ قبل 26 سالہ خاتون کے ساتھ شادی کی تھی۔ شادی کے بعد وہ حال ہی میں بیوی کے ہمراہ دوسرے شہر گیا جہاں اس نے بیوی کو راجستھان کے ایک 55 سالہ شخص کے ہاتھ ایک لاکھ 80 ہزار روپے کے عوض فروخت کر دیا۔ رپورٹ کے مطابق اس رقم سے اس نے ایک اسمارٹ فون خریدا اور باقی رقم کھانے پینے اور دیگر عیاشی کی سرگرمیوں پر اڑا دی۔جب وہ دوسرے شہر سے اکیلا گھر واپس آیا تو خاندان کے لوگوں نے اس سے بیوی کے بارے میں پوچھا۔ اس نے کہا کہ وہ کسی اور شخص کے ساتھ چلی گئی ہے اور میں نے اسے چھوڑ دیا ہے۔ انہوں نے اس کی بات کا یقین نہیں کیا اور پولیس میں رپورٹ درج کرا دی۔ پولیس نے ملزم کو گرفتار کرنے کے بعد اس سے تفتیش کی تو پتا چلا کہ وہ بیوی کو دوسرے شہر میں فروخت کر چکا ہے۔جب پولیس خاتون کو لینے جنوب مشرقی راجستھان کے علاقے پاران میں گئی تو مقامی لوگوں نے خاتون کو پولیس کے حوالے کرنے سے انکار کر دیا اور کہا کہ انہوں نے اس کی قیمت ادا کی ہے۔ اگر پولیس اسے واپس لے جانا چاہتی ہے تو پہلے ان کی ادا کی گئی رقم واپس دلوائی جائے۔ رقم کے لیے جب لڑکے سے پوچھا گیا تو اس نے کہا کہ اس نے ان پیسوں سے ایک اسمارٹ موبائل فون خریدا اور باقی پیسے بھی خرچ کر دیے ہیں۔ یہ کیس اب عدالت میں ہے اور عدالت کم عمر شوہر کی سزا کا فیصلہ کرے گی۔