کرن رجیجو نے دھارا میں قانونی خدمات اور بیداری کیمپ کا افتتاح کیا
سرینگر/28 اکتوبر2021/ مرکزی وزیر قانون و انصاف، کرن رجیجو نے استان مرگ (دھارا) میں ایک قانونی خدمات اور بیداری کیمپ کا افتتاح کیا۔ کیمپ کا انعقاد ڈسٹرکٹ لیگل سروسز اتھارٹی سرینگر نے نیشنل لیگل سروسز اتھارٹی کے زیراہتمام ضلع انتظامیہ سرینگر کے اشتراک سے کیا تھا۔جسٹس علی محمد ماگرے، ایگزیکٹو چیئرمین جے اینڈ کے لیگل سروسز اتھارٹی اور ممبر، نیشنل لیگل سروسز اتھارٹی اس موقع پر موجود تھے۔اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کرن رجیجو نے کہا کہ سماج کے مختلف طبقات کو انصاف فراہم کرنا حکومت کا فرض ہے اور کہا کہ لیگل سروسز اتھارٹی اس سلسلے میں قابل ستائش کام کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ عدالتوں کی جانب سے ہر فرد کو انصاف تک رسائی یقینی بنانے کے لیے مسلسل کوششیں جاری ہیں تاکہ عام آدمی کو اُن کی دہلیز پر انصاف پہنچایا جا سکے۔انہوں نے مزید کہا کہ عوام کو بنیادی سہولیات جیسے پینے کے پانی، نکاسی آب، سڑکیں، بجلی اور دیگر چیزوں کا حق حاصل ہے اور کہا کہ حکومت ہند کی طرف سے شروع کیا گیا عوامی رابطہ کاری پروگرام لوگوں کو ان کے مسائل کے حل کے لیے براہ راست رابطہ کرنے کے لیے ایک موقع فراہم کرتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت چاہتی ہے کہ جموں و کشمیر کا ہر فرد مستفید ہو اور اس سلسلے میں کئی اقدامات کئے جا رہے ہیں۔