فلو ویکسین کی زیادہ قیمت ، غریبوں کی قوت خرید سے باہرکوروناوائرس کے اس دور میں فلو ویکسین کو زیادہ اہم قراردیتے ہوئے ڈاکٹرس ایسوسی ایشن کشمیر نے کہا ہے کہ اگرچہ اس وقت لوگوں کو دوہرے وائرس کا سامنا ہے اور کووڈ کے ساتھ ساتھ فلو ویکسین بھی لازمی ہے لیکن فلو ویکسین کی قیمت زیادہ ہونے کے نتیجے میں غریب لوگ اس کو نہیں لے پارہے ہیں۔ کرنٹ نیوز آف انڈیا کے مطابق ڈاکٹرس ایسوسی ایشن کشمیر نے کہا ہے کہ فلو ویکسین کی قیمت 1850سے 1975روپے ہے جو غریب لوگوں کی قوت خرید سے باہر ہے ۔ڈاک پریذیڈنٹ ڈاکٹر نثارالحسن نے کہا ہے کہ لوگ ویکسین لینا چاہتے ہیں لیکن اس کی قیمت زیادہ ہونے کے نتیجے میں وہ اس کو خرید نہیں سکتے ہیں جس کے نتیجے میں لوگوں کی زندگیاں خطرے میں پڑجاتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بڑے بچوں ، عمر رسیدہ افراد اور حاملہ خواتین اور میڈیکل کنڈیشن پر رہنے والے مریضوں کو فلو کازیادہ خطرہ رہتا ہے اور اس سے انہیں زیادہ پریشانی ہوسکتی ہے اسلئے ایسے افراد کےلئے علاج و معالجہ کی خدمات کو مئیسر رکھنے کےلئے اقدامات اُٹھائے جانے چاہئے ۔ انہوںنے کہا کہ اس طرح کے لوگوں کے لئے ویکسین مفت دستیاب رکھی جانی چاہئے تاکہ لوگ ویکسین لے سکیں۔ ڈاکٹر نثارالحسن نے کہا ہے کہ جس طرح کووڈ ویکسین کو مفت دستیاب رکھا گیا ہے اسی طرح فلو ویکسین کو بھی مفت دستیاب رکھا جانا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ فلو ویکسین ہاٹ اٹیک کے خطرے کو کم کرتا ہے ۔ انہوںنے کہا ہے کہ مشاہدے میں آیا ہے کہ جن لوگوں نے فو ویکسین لیا ہے ان میں 55فیصدی افراد کو ہاٹ اٹیک اور سٹروک کے خطرات کم ہوئے ہیں ،ڈاکٹر نثارالحسن نے کہا ہے کہ عمر رسیدہ افراد کو چاہئے کہ وہ فلو ویکسین ضرور لیں اور اس کو اکتوبر کے آخر تک لیا جاسکتا ہے تاہم اگر اس مہینے میں نہیں لیا تو اس کو سیزن میں کسی بھی وقت لیا جاسکتا ہے البتہ اس وقت لینا زیادہ موثر رہتا ہے ۔