شہر سرینگر کے کرنگر علاقے میں نامعلوم بندوق برداروں نے ایک شخص پر اندھا دھند فائرنگ کی جس کے نتیجے میں وہ شدید طورپر زخمی ہو ا اگر چہ اُسے فوری طورپر اسپتال لے جایا گیا لیکن وہ وہاں پر دم توڑ بیٹھا۔ پولیس ذرائع نے اسکی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ آس پاس علاقوں کو محاصرے میں لے کر حملہ آوروں کی تلاش شروع کی گئی ہے۔ اطلاعات کے مطابق سیکورٹی کے لحاظ سے انتہائی حساس علاقے کرنگر میں نامعلوم بندوق برداروںنے ایک شہری جس کی شناخت مجید گورو ولد عبدالرحمن گورو ساکن گلوان ٹینگ چھتہ بل کے بطور ہوئی ہے پر اندھا دھند فائرنگ کی جس کے نتیجے میں وہ خون میں لت پت ہو کر نیچے گر پڑا۔ آس پا س موجود لوگوں نے زخمی شہری کو فوری طورپر صدر اسپتال منتقل کیا تاہم وہاں پر تعینات ڈاکٹروں نے اپسے مردہ قرار دیا۔میڈیکل سپر انٹنڈنٹ ڈاکٹر کنول جیت نے اس بات کی تصدیق کی کہ کرنگر سرینگر میں گولیوں سے زخمی شہری کی اسپتال میں موت واقع ہوئی ہے۔ اسپتال ذرائع کے مطابق مہلوک شخص کے سینے میں تین گولیاں جبکہ چہرے پر ایک گولی پیوست تھی جس کے نتیجے میں اُس کی موقع پر ہی موت واقع ہوئی ہے۔ ادھر حملے کے بعد پولیس و فورسز نے آس پاس علاقوں کو محاصرے میں لے کر بڑے پیمانے پر تلاشی آپریشن شروع کیا ہے۔ آخری اطلاعات موصول ہونے تک یہ واضح نہیں ہوسکا کہ مذکورہ شخص کو کس بنیاد پر ابدی نیند سلا دیا گیا۔