جموں اورکٹھوعہ میں تین سڑک حادثات میں3افراد لقمہ اجل بن گئے جبکہ ایک گاڑی آگ لگنے سے تباہ ہوگئی ۔تفصیلات کے مطابق جگتی کالونی نگروٹہ جموں کے قریب اتوار کو موٹر سائیکل کے ڈیوائیڈر سے ٹکرانے سے ایک نوجوان کی موت ہو گئی۔ذرائع نے بتایا کہ نوجوان کی شناخت 25سالہ کنو ولد سکھ دیو راج کے سنجے نگر ضلع جموں کے طور پر ہوئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ متوفی کی لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے جی ایم سی اسپتال جموںکے مردہ خانہ میں منتقل کر دیا گیا ۔جموں پولیس نے اس سلسلے میںمعاملہ درج کرکے تحقیقات شروع کردی ۔اس دوران کٹھوعہ ضلع میں پیر کو دو الگ الگ سڑک حادثات میں2 افراد ہلاک ہو گئے۔پولیس نے بتایا کہ تحصیل بسولی کے پرگنہ موڑ کے قریب ایک کار اسوقت 50 فٹ گہری کھائی میں جا گری جب ڈرائیور نے گاڑی پر سے کنٹرول کھو دیا، جس کے نتیجے میں گاڑی کا ڈرائیور26سالہ آکاش کمارہلاک ہو گیا۔ایک اور واقعے میں، ڈرائیور کا ایک ہیلپریاکنڈیکٹر اس وقت جھلس کر ہلاک ہو گیا جب ایک ٹرک نے راجباغ کے علاقے میں سڑک کے کنارے کھڑی دوسری گاڑی کو ٹکر مار دی،اوراس میں آگ لگ گئی ۔پولیس نے پیر کو بتایا کہ یہاں کٹھوعہ ضلع میں جموں،پٹھانکوٹ قومی شاہراہ پر ایک ٹرک میں آگ لگنے سے ایک شخص جھلس کر ہلاک ہوگیا۔انہوں نے بتایا کہ مہلوک ٹرک ڈرائیور کا ہیلپر تھا۔پولیس نے بتایاکہ اتوار کو دیر رات گاڑی میں اچانک آگ بھڑک اٹھی۔انہوں نے بتایا کہ ڈرائیور نے جلتے ہوئے ٹرک سے چھلانگ لگا کر خود کو بچایا، لیکن اس کاہیلپر گاڑی سے باہر آنے میں ناکام رہا۔انہوں نے کہا کہ فائر ٹینڈر نے موقع پر پہنچ کر آگ پر قابو پالیا، لیکن اس شخص کو بچانے میں بہت دیر ہو چکی تھی، انہوں نے کہا کہ اس کی تفصیلی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔