مقررہ وقت پر قائم رہنے ، کوالٹی کنٹرول اور فنڈ س کے مناسب اِستعمال پر زور
سیکرٹری سیاحت سرمد حفیظ نے آج محکمہ سیاحت کی طرف سے شروع کئے جانے والے پی ایم ڈی پی اور کیپکس کے تحت ترقیاتی منصوبوں کا مختلف ٹورازم ڈیو لپمنٹ اَتھارٹیوں کے چیف ایگزیکٹیو اَفسران اور مختلف پروجیکٹوں کی عمل آوری ایجنسیوں کے نمائندوں کی ایک میٹنگ میں تفصیلی جائزہ لیا۔ سیکرٹری سیاحت نے میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے ترقیاتی کاموں کی تکمیل کے لئے ٹائم لائن ، ترقیاتی کاموں کو اَنجام دینے او رمکمل کرتے ہوئے مالیاتی نظم و ضبط کو برقرار رکھنے پر زور دیا۔سرمد حفیظ نے اِنجینئران اور اَفسران سے کہا کہ وہ اِس بات کو یقینی بنائیں کہ مختلف ترقیاتی کاموں کے لئے مختص کئے گئے فنڈس حکومتی ہدایات کے مطابق صحیح اور بروقت خرچ کئے جائیں ۔اُنہوں نے سی اِی اوز ، اِنجینئرنگ سربراہان اور دیگر اَفسران پر زور دیا کہ وہ باقاعدگی سے پروجیکٹوں پرکام کاجائزہ لیں اور ان پروجیکٹوں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنانے کے لئے اگر کوئی رُکاوٹیں ہیں تو ان کو دور کریں ۔ اُنہوں نے پروجیکٹ پر عمل در آمد کرنے والی ایجنسیوں سے کہا کہ وہ مختلف ترقیاتی کاموں کی تکمیل کے لئے ایک ٹائم لائن شیڈول وضع کریں۔منصوبوں کی تکمیل کی ٹائم لائن ، اخراجات کی صورتحال او ران کاموں کی مالیاتی بندش پر تفصیلی غور و خوض ہوا۔میٹنگ میں بتایا گیا کہ بہت سے منصوبے طے شدہ ٹائم لائن کے مطابق آگے بڑھ رہے ہیں اور تکمیل کے مختلف مراحل میں ہیں ۔ اِس کے علاوہ تعطل کا شکار منصوبوں کو بھی متعلقہ ایجنسیوں کی جانب سے بھرپور طریقے سے آگے بڑھایا جارہا ہے تاکہ ان کو جلد اَز جلد مکمل کیا جاسکے۔میٹنگ کو بتایا گیا کہ توسہ میدان ترال ، ہرناگ ( اننت ناگ ) ، سونہ مرگ او ردیگر آنے والے مقامات پر سیاحتی بنیادی ڈھانچے کے منصوبے جاری ہیں۔سیکرٹری سیکرٹری نے عمل آوری ایجنسیوں پر زور دیا کہ وہ اَپنی کوششیں تیز کر کے اِس برس خزاں سے پہلے منصوبوں کو مکمل کریں۔میٹنگ میں ڈائریکٹر سیاحت کشمیر ڈاکٹر جی این ایتو ، کشمیر کی مختلف ٹوراِزم ڈیولپمنٹ اَتھارٹیوں کے سی اِی اوز ، محکمہ سیاحت کے اَفسران ، مختلف پروجیکٹوں پر عمل آوری ایجنسیوں جیسے کہ آر اینڈ بی ، پی ڈی ڈی ، جے کے پی سی سی وغیرہ کے نمائندے موجود تھے۔