سونہ مرگ حادثے میں ایک اور زخمی چل بسا ، مرنے والوں کی تعداد دو
سرینگر/21اگست ///سونہ مرگ میں گزشتہ رات ہوئے سڑک کے حادثے میں زخمیوں میں سے ایک اور زخموں کی تاب نہ لاکر دم توڑ بیٹھا ۔ اس طرح اس حادثے میں اب تک 2افراد لقمہ اجل بن گئے ہیں۔ادھر شمالی کشمیر کے بانڈی پورہ ضلع کے حاجن کے بہار آباد علاقے میں اتوار کی صبح ایک 60 سالہ شخص کی ایک ہٹ اینڈ رن کیس میں موت ہو ئی۔اطلاعات کے مطابق گاندربل ضلع کے سونمرگ میں ہفتہ کی شام ایک گاڑی سڑک سے پھسلنے سے زخمی ہونے والے تین افراد میں سے ایک نے اتوار کو سکمز صورہ میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ دیا، جس سے مرنے والوں کی تعداد دو ہو گئی۔ذرائع نے بتایا کہ کنگن کے سمیر احمد نجار کی گاڑی رنگا موڑ کے قریب سڑک سے ٹکرا گئی، جس کے نتیجے میں سمیر موقع پر ہی ہلاک اور تین دیگر زخمی ہوگئے۔انہوں نے کہا کہ تین افراد جن کی شناخت امتیاز احمد وانی، کلدیپ کمار اور سباش چندر کے طور پر ہوئی ہے، اس حادثہ میں زخمی ہوئے ہیں۔اہلکار نے بتایا کہ زخمیوں کو بعد میں پی ایچ سی سونمرگ منتقل کیا گیا، جہاں سے انہیں سکمز صورہ ریفر کیا گیا، تاہم، سباش چندر آج صبح سکمز میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسے۔دریں اثنا، پولیس نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔دریں اثناءشمالی کشمیر کے بانڈی پورہ ضلع کے حاجن کے بہار آباد علاقے میں اتوار کی صبح ایک 60 سالہ شخص کی ایک ہٹ اینڈ رن کیس میں موت ہو گئی۔ذرائع نے بتایا کہ ایک تیز رفتار گاڑی نے بزرگ شخص کو کچل دیا جس کی شناخت غلام محمد حرا ولد صابر احمد حرا ساکن بہار آباد کے طور پر کی گئی جب وہ قریبی مسجد میں فجر کی نماز ادا کرنے کے بعد گھر آ رہے تھے۔ان کا کہنا تھا کہ زخمی شخص کو اسپتال منتقل کرنے کے بجائے ڈرائیور موقع سے فرار ہوگیا۔اہلکار نے مزید بتایا کہ متوفی کی لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال لایا گیا ہے۔دریں اثنا، مقامی پولیس نے اس سلسلے میں مقدمہ درج کر لیا ہے اور گاڑی اور ملوث ڈرائیور کا سراغ لگانے کے لیے تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔