سری نگر سمیت جموں و کشمیر کے کئی حصوں میں ہفتہ کی صبح وقفے وقفے سے تیز اورموسلا دار بارشیں ہوئیں ۔ شدید بارش کے بعد لالچوک،گھنٹہ گھر ،ریگل چوک ،اولڈ کورٹ روڑ،بڈشاہ چوک اورجہانگیر چوک سمیت شہر کے متعددعلاقوںکی کئی سڑکیں، گلیاں اور بائی لین کیچڑوالے کے پانی میں ڈوب گئے۔لوگوں بالخصوص تاجروںنے کہاکہ جب وہ سنیچر کی صبح دکانات اوردیگرکاروباری مراکزکھولنے کیلئے لالچوک اورسیول لائنز کے دوسرے بازاروںمیں پہنچے توانہوںنے سڑکیں ،گلیاں اورچوراہے زیرآب دیکھے ،اوروہ آگے نہیں بڑھ سکے ۔انہوںنے کہاکہ ہفتے کی صبح محض دوبار تیز بارشیں ہونے کے بعدلالچوک اوردیگر نواحی علاقے سوئمنگ پول بن گئے ،کیونکہ پیدل چلنے والوں کیساتھ ساتھ ماٹر سائیکلوں ،اسکوٹروں ،اسکوٹیوں اورآٹو رکھشاﺅںمیں سفر کرنے والوں کے کپڑے اتنے گیلے ہوگئے کہ لگا،ان لوگوںنے کپڑوں سمیت نہالیاہے ۔تاجروں کامزید کہنا تھا کہ شدید بارش کی وجہ سے بہت سی سڑکیں، گلیاں اور بائی لین زیر آب آ گئے ہیں، جس سے مسافروں اور پیدل چلنے والوں کو کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے کیونکہ پانی بھری سڑکوں سے عوامی نقل و حرکت متاثر ہوتی ہے۔تاجروں اوردوسرے لوگوںنے محکمہ یوای ای ڈی اور دیگر متعلقہ محکموں واداروںکی کارکردگی پرسوال اُٹھاتے ہوئے کہاکہ نہ جانے کب شہر کاڈرنیج سسٹم بہتر ہوگا۔اُدھر شہر کے دوسرے کئی علاقوں سے بھی ایسی ہی اطلاعات ملیں کہ بارشوں کے بعد وہاں سڑکیں، گلیاں اور بائی لین زیر آب آ گئے ہیں، جس سے مسافروں اور پیدل چلنے والوں کو عبورومرورمیںکافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ اطلاعات میں کہا گیا ہے کہ سنیچرکی صبح ہوئی موسلادھار بارش کے بعد سری نگر شہر کی ہر گلی اور بائی لین میں کیچڑ کا پانی دیکھا جا سکتا تھا۔














