سری نگر/جموں وکشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کا کہنا ہے کہ امسال طویل عرصے کے بعد غیر ملکی سیاحوں کی جموں وکشمیر آمد میں اضافہ درج ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ یونین ٹریٹری میں غیر ملکی سیاحوں کی آمد میں 59 فیصد اضافہ درج ہوا ہے اوربعض ملکوں کی طرف سے عائد منفی ٹراول ایڈوئزری کی بھی جلد ختم ہونے کی امید ہے۔موصوف لیفٹیننٹ گورنر نے ان باتوں کا اظہار منگل کے روز یہاں بخشی اسٹیڈیم میں یوم آزادی کی مناسبت سے منعقدہ تقریب سے اپنے خطاب کے دوران کیا۔انہوں نے کہا: ‘امسال اب تک ایک کروڑ 27 لاکھ سیاحوں نے جموں و کشمیر کی سیر کی ہے جن میں غیر ملکی سیاحوں کی ایک اچھی تعداد شامل ہے امسال غیر ملکی سیاحوں کی آمد میں 59 فیصد اضافہ درج ہوا ہے’۔ان کا کہنا تھا: ‘امسال ماہ مئی کے اواخر میں سری نگر میں منعقدہ کامیاب جی ٹونٹی اجلاس سے جموں وکشمیر کو عالمی سطح پر پذیرائی حاصل ہوئی ہے اور اس میں شرکت کرنے والے 27 ممالک کے نمائندے ایک مثبت پیغام لے کر واپس اپنے اپنے ملک گئے ہیں’۔انہوں نے کہا کہ جموں وکشمیر کو ایک پر امن جگہ اور قدرتی خوبصورتی کی جگہ کے بطور تسلیم کیا گیا ہے۔منوج سنہا نے کہا کہ امسال جاری شری امرناتھ یاترا میں نہ صرف ملک کے گوشہ و کنار کے یاتری بلکہ غیر ملکی یاتری حصہ لے رہے ہیں۔انہوں نے کہا: ‘آج جموں وکشمیر کو ایک بدلے ہوئے جموں وکشمیر کے طور پر بھی تسلیم کیا جا رہا ہے جس کی وجہ وہ تبدیلی اور پر امن ماحول ہے جو یہاں گذشتہ چار برسوں سے قائم ہے’۔ان کا کہنا تھا: ‘مجھے امید ہے کہ بعض ممالک جنہوں نے منفی ٹراول ایڈوائزریاں عائد کی ہیں ان کو بہت جلد ہٹا دیں گے’۔مسٹر سنہا نے کہا کہ جموں و کشمیر انتظامیہ اس بات کو یقینی بنانے کے لئے ہر ممکن کوشش کر رہی ہے کہ یہاں عام لوگ اپنی مرضی کے مطابق زندگی بسر کر سکیں۔انہوں نے کہا: ‘ہماری کوشش ہے کہ یہاں کا ہر باشندہ اپنی مرضی کے مطابق، کسی بھی قسم کے دباﺅ یا پریشانی کے بغیر اپنی زندگی گذارے’۔ان کا کہنا تھا: ‘جب میں نے تین سال قبل جموں وکشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر کی حیثیت سے اپنا عہدہ سنبھالا میں کوئی وعدہ نہیں کیا بلکہ یہ کہا کہ میں وعدوں کو پورا کرنے کے لئے آیا ہوں’۔لیفٹیننٹ گورنر نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہماری انتظامیہ لوگوں کے چہروں پر مسکراہٹ دیکھنا چاہتی ہے۔انہوں نے کہا: ‘ہم جموں و کشمیر کے امن، خوشحالی اور ترقی کے لئے پر عزم ہیں’۔ان کا کہنا تھا: ‘جموں وکشمیر میں آج نئے روڈ، ریل لائنز، نئے بجلی پرجیکٹ ائیر پورٹ ٹرمنل، سنیما ہال، ریور فرنٹ بن رہے ہیں اور ابھی بھی کافی کچھ کرنا ہے’۔انہوں نے کہا کہ انتظامیہ یونین ٹریٹری کے ایک کروڑ 30 لاکھ لوگوں کے مستقبل کو سنوارنے سنبھالنے کے کام میں مصروف عمل ہے۔منوج سنہا نے کہا کہ سیکورٹی فورسز ملی ٹنسی کے تابوت میں آخری کیل ٹھونکنے اور اس کے ماحولیاتی نظام کو تباہ کرنے کے لئے سخت کاوشوں میں مصروف ہیں۔انہوں نے کہا: ‘ہماسیہ ملک کی مدد سے حمایت یافتہ دہشت گردی نے ہمارے معاشرے میں کینسر کا کام کیا اور ہم جموں وکشمیر کو دہشت گردی سے صاف پاک بنانے کے لئے پر عزم ہیں’۔سرحدوں کی حفاظت کے دوران اپنی جانیں نچھاور کرنے والے سیکورٹی فورسز اہلکاروں کا خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ایل جی نے کہا کہ جموں و کشمیر کے پہاڑ ہمارے جوانوں کی بیش بہا قربانیوں کے گواہ ہیں۔انہوں نے کہا: ‘میں آج شہیدوں کو سلام پیش کرتا ہوں اور ان کے اہلخانہ کو یقین دلانا چاہتا ہوں کہ پورا جموں و کشمیر اور قوم ان کے ساتھ کھڑی ہے’۔جموں و کشمیر میں رونما ہوئی تبدیلی کے بارے میں بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اب تک امسال ایک کروڑ 27 لاکھ سیاحوں نے جموں وکشمیر کی سیر کی ہے۔موصوف لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ شری امرناتھ جی یاترا پر امن طریقے سے جاری و ساری ہے۔انہوں نے کہا: ‘امسال 34 برسوں کے بعد سری نگر میں روایتی سڑکوں پر محرم جلوس بر آمد کیا گیا کشمیر میں سیاحوں کے لئے ہوم سٹریز دستیاب ہیں، فلم پالیسی بن گئی ہے، اور جموں وکشمیر میں 300 نئے سیاحتی مقامات کو سامنے لایا جا رہا ہے’۔انہوں نے کہا کہ حکومت نوجوانوں کو مختلف میدانوں میں آگے بڑھنے کے لئے ہر ممکن مدد فراہم کرے گی۔ان کا کہنا تھا کہ آزادی کا امرت کال جو سال 2047 میں ہوگا اس وقت جموں وکشمیر کو ملک کے بہتریں ترقی پذیر مقامات میں شمار کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ کشمیر میں روزانہ 20 لاکھ ای ٹرانزیکشن ہوتے ہیں جو اسے ڈیجیٹل طور پر تبدیل شدہ جگہوں کی فہرست میں شامل کرتا ہے۔یو این آئی