پولیس نے بھائی، بہن سمیت تین ملزمان کو گرفتار کیا
پولیس نے بتایا کہ بانہال کے ایک 40 سالہ شخص کی لاش اتوار کو ریاسی کے ڈوگا علاقے سے لاپتہ ہونے کے تین دن بعد ملی ہے۔ پولیس نے اس معاملے میں بھائی بہن سمیت تین ملزمان کو حراست میں لے لیا ہے۔پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ ریاض احمد وانی ولد مرحوم غلام حسن وانی ساکن آرپورہ ڈولیگام بانہال کی لاش آج صبح پولیس کی ایک ٹیم کو ریاسی سے تقریباً 60 کلومیٹر دور ریاسی کے ڈوگا علاقے میں ایک نالے سے ملی۔ یہ مقام زیر تعمیر ریلوے ٹنل نمبر 13 سے 700 میٹر کے فاصلے پر ہے جہاں وہ کام کر رہا تھا۔ ایک اہلکار کے مطابق ریاض کا فون بھی موقع سے ملا ہے جس کی بیٹری حیرت انگیز طور پر 62 فیصد چارج تھی۔انہوں نے کہا کہ اس معاملے میں ایک بھائی بہن کی جوڑی سمیت تین مشتبہ افراد کو پوچھ گچھ کے لیے حراست میں لیا گیا ہے۔ اہلکار کا مزید کہنا تھا کہ فون کے کال ریکارڈ سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ حراست میں لی گئی خاتون کے فون سے ریاض کے نمبر پر نو کالز کی گئیں جب کہ اس کے نمبر پر بھی تین کالز کی گئیں۔متوفی کے اہل خانہ سرپنچ شاہنواز احمد اور ایک بی جے پی لیڈر کے ساتھ لاش کو واپس لانے کے لیے موقع پر پہنچ گئے ہیں۔ اہل خانہ کے مطابق، ریاض، جو کہ ریلوے ٹنل کی تعمیر کرنے والی ایک نجی کمپنی میں کام کر رہا تھا، جمعرات کی شام 12 مئی کو اپنے گھر سے کام کے لیے نکلنے کے بعد لاپتہ ہو گیا تھا۔ریاض نے ان سے جمعرات کی شام آخری بات چیت کی تھی، اس سے پہلے کہ وہ زیر تعمیر ریلوے ٹنل نمبر 13 میں داخل ہوں۔