ابتدائی اوقات میں لوگوں اور سیاحوں کی بھاری بھیڑ کا مشاہدہ کیا گیا،چھاپڑی فروش مطمئن
سرینگر// لالچوک میں لگائے گئے سماررٹ سنڈے مارکیٹ کے دوران اگرچہ دوپہر تک لوگوں کی کی خاصی چہل پہل اور بھر پور خریداری کا مشاہدہ کیا گیا تاہم دوپہر کے بعد بھارت اور پاکستان کے درمیان ایشا کپ کے سپر فور کرکٹ مقابلے کی شروعات کے بعد ہی بازار کا رش مدھم پڑ گیا اور دن ڈھلتے ڈھلتے خریداری رک گئی۔سنڈے مارکیٹ کے ذمہ داران نے بتایا کہ آج حسب توقع دوپہر تک ہی اچھی خریداری ہوئی تاہم بھارت پاکستان کرکٹ مقابلے کی شروعات کے بعد لوگوں کا آنا کم ہوگیا۔ٹی ای این کے مطابق ٹی آر سی کراسنگ سے امیراکدل تک اتوار کی صبح سے سجے سنڈے مارکیٹ جسے اب سمارٹ سنڈے مارکیٹ بھی کہا جاتا ہے ،میں ابتدائی گھنٹوں میں لوگوں کی خاصی آمد دکھائی دی۔ابتدائ میں مقامی لوگوں کے علاوہ بیرونی سیاحوں نے بھی آکر خریداری سے لطف اٹھایا اور اپنے مس پسند چیزوں کا انتخاب کیا۔گھنٹہ گھر کے نزدیک کشمیری آرٹ اشیائ خریدنے میں مصروف احمد آباد کے ایک جوڑے نے بتایا کہ وہ لالچوک میں سنڈے مارکیٹ آکر بہت خوشی محسوس کررہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ ایک تو کشمیری آرٹ کی خریداری اور وہ بھی نسبتا کم ریٹ میں یہاں دستیاب ہیں۔یہ اچھا تجربہ ہے۔ابتدائی اوقات میں لالچوک کے گھنٹہ گھر کے آس پاس سیاحوں کا خاصا تانتا بندھا رہا اور جم کر خریداری بھی کی۔اس دوران ٹی آر سی کراسنگ ،پولو ویو ،ریگل چوک اور مکہ مارکیٹ میں بھی اتوار کی صبح اور دوپہر تک سنڈے مارکیٹ آب و تاب کے ساتھ جاری رہا لیکن دن ڈھلتے ہی لوگوں کا رش کم ہونا شروع ہوا۔کئی چھاپڑی فروشوں نے کہاکہ یہ بھارت پاکستان کرکٹ میچ کی وجہ سے ہے۔ایسا پہلے بھی ہوتا رہا ہے۔کرکٹ کا جنون اور وہ بھی جب پاکستان اور بھارت کی کرکٹ تیمیں آمنے سامنے ہوں تو عام لوگ چاہے وہ کہیں سے بھی تعلق رکھتے ہوں ،کرکٹ سے ہی لطف اندوز ہونے کو ترجیح دیتے ہیں۔تاہم ان کا کہنا تھا کہ عمومی طور ابتدائی اوقات میں بھی آج کا سنڈے مارکیٹ بہتر کمائی کرپایا۔انہوں نے امید ظاہر کی ہے آگے بھی سنڈے مارکیٹ کو اسی طرح سجنے اور اسے ایک منافع بخش کاروباری سرگرمی بنانے میں سرکار توجہ دے گی۔