نئی دہلی(یو این آئی) سپریم کورٹ نے فلمی اداکارہ شلپا شیٹی کے شوہر اور معروف ہیرا تاجر راج کندرا کی پورن فلم ریکٹ معاملے میں گرفتاری پر بدھ کو چار ہفتوں کے لیے عبوری روک لگادی۔جج ونیت سرن اور جج انیرودھ بوس کی بینچ نے کندرا کی عرضی پر اسے راحت دے دی۔ بینچ نے اس معاملے میں مہاراشٹر حکومت اور ممبئی پولس کی کرائم برانچ کو نوٹس جاری کرکے جواب طلب کیا ہے ۔ممبئی پولس نے پورن فلم کے غیر قانونی کاروبار میں ملوث ہونے کے الزام میں کندرا پر مختلف مجرمانہ دفعات کے تحت ایف آئی آر درج کی تھی۔ یہ مجرمانہ معاملہ سال 2020 کا ہے ۔ پہلے سے ہی کئی مجرمانہ الزامات میں گھرے کندرا نے اس معاملے میں بامبے ہائی کورٹ سے پیشگی ضمانت کی فریاد کی، جسے خارج کردیا گیا تھا۔ اس کے بعد اس نے سپریم کورٹ کا دروازہ کھٹکھٹایا جہاں سے اسے راحت مل گئی۔فلموں کی مشہور اداکارہ شلپا شیٹی کے شوہر کندرا کو ایک دوسرے مجرمانہ معاملے میں ممبئی پولس نے جولائی میں گرفتار کیا تھا۔ اس معاملے میں اسے ستمبر میں ضمانت مل گئی تھی۔