عید الاضحی کے سلسلے میں لوگوں کو بہتر سہولیات فراہم کرنے کا انتظامیہ نے اگرچہ یقین دلایا ہے لیکن گذشتہ عیدیں پر ایک بات مشاہدے میں آئی ہے کہ اس قدر عمدہ انتظامات نہیں کئے گئے تھے جس قدر دعویٰ کیا جاتا رہا۔اس دوران میلہ کھیر بھوانی کے سلسلے میں بھی عقیدت مندوں کو بہتر سہولیات فراہم کرنے کی انتظامیہ نے یقین دہانی کروائی ہے ۔ڈویثرنل کمشنر نے اپنے ماتحت افسروں کے ہمراہ از خود تولہ مولہ اور مندر کا دورہ کیا اور وہاں کئے جانے والے انتظامات میں مزید بہتری لانے کی ضرورت پر زور دیا ۔یہ امر قابل ذکر ہے کہ میلہ کھیر بھوانی پر حاضری دینے کے لئے کشمیری پنڈتوں کی اچھی خاصی تعداد جموں کے علاوہ دہلی ،ممبئی ،لکھنو اور کانپور سے آتی ہے ۔چنانچہ ان کو بہتر سے بہتر سہولیات مہیار کھنا انتظامیہ کی ذمہ داری ہے چنانچہ تولہ مولہ میں لنگر انتظامات کو سب سے پہلے مستحکم کرنے کے لئے اقدامات لازمی ہیں جبکہ عقیدت مندوں کے لئے پانی کا انتظام کیا جانا چاہئے ۔ٹریفک نظام کو بھی چست درست رکھنا انتظامیہ کے فرایض میں شامل ہے کیونکہ اکثر دیکھا گیا ہے کہ وہاں گاڑیوں کی پارکنگ اور پھر راستے میں ٹریفک جامنگ کے مسلئے سے نمٹنے کے لئے گزشتہ برسوں میں جو انتظامات کئے گئے تھے ان میں مزید بہتری لانے کی ضرورت محسوس کی جارہی ہے ۔عقیدت مندوں کے لئے پانی اور دوسرے مشروبات کا انتظام لازمی ہے ۔اس دوران عید الاضحی پر بھی عمدہ انتظامات کی لوگوں کو اگرچہ یقین دہانی کروائی گئی لیکن لوگ چاہتے ہیں کہ جو کچھ سرکاری طور پر کہا گیا ہے ان پر پوری طرح عمل درآمد ہونی چاہئے ۔تمام بڑی مساجد ،خانقاہوں اورامام بار گاہوں جہاں عید کے سلسلے میں نماز عید کے بڑے بڑے اجتماع منعقد ہونگے کے گرد و نواح میں لوگوں کو بنیادی سہولیات دستیاب رکھی جانی چاہئے ۔خاص طور پر پانی کی بہم رسانی کے لئے محکمہ جل شکتی کو ترجیحی بنیادوں پر اقدامات اٹھائے جانے چاہئے تاکہ گرمیوں کے ان ایام میں نمازیوں کو کسی قسم کی پریشانیوں کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔اسی حساب سے بجلی بھی بغیر خلل چالو رکھنے کی ضرورت ہے ۔اسلئے بجلی حکام کو بھی اس بارے میں باخبر کیا جانا چاہئے ۔جہاں تک عید پر بڑے اجتماعات کا تعلق ہے تو درگاہ حضرت بل کے علاوہ جامع مسجد سرینگر ،آستان عالیہ مخدوم صاحب ؒ،آستان عالیہ پیر دستگیر صاحب،خانقاہ معلی سرینگر ،جناب صاحب صورہ ،آستان عالیہ نقشبند صاحب ؒکے علاوہ امام با رگاہوں کے ارد گرد صحت و صفائی اور بجلی پانی کا انتظام بہتر سے بہتر ہونا چاہئے ۔ اس سے قبل ان ہی کالموں میں انتظامیہ سے اپیل کی گئی تھی کہ عید پر قیمتوں کو قابو میں رکھنے کے لئے انتظامیہ کو ٹھوس کاروائی کرنی چاہئے کیونکہ اس طرح کی تقریبات پر یہاں تاجر زبردست ناجائیز منافع خوری کے مرتکب ہوتے ہیں اسلئے قیمتوں پر نظر گذر رکھنے کی ضرورت ہے ۔عیدین پر اکثر دیکھا گیا ہے کہ ہر سڑک پر زبردست ٹریفک جام رہتاہے لیکن ٹریفک عملہ نظر نہیں آتا تھا ۔نوجوانوں کو کئی نازک اور حساس مقامات پر ٹریفک کنٹرول کرتے ہوئے دیکھا گیا لیکن اب کی بار عید پر ڈاون ٹاون میں بھی لوگوں کو ٹریفک جام سے بچانے کے لئے ٹریفک عملہ تعینات رکھنے کی ضرورت ہے ۔اس کے ساتھ ہی میونسپل حکام کو چاہئے کہ وہ قربانی کی کھالوں کو گھروں سے جمع کرکے ان کو اچھی طرح ٹھکانے لگانے کے لئے خصوصی سکارڈ متحرک رکھے جائیں تاکہ بیماریاں پھیلنے نہ پائیں۔









