اس سال 31اکتوبر سے 6نومبر تک ویجی لنس ہفتہ منایا جارہا ہے ۔اس ہفتے کے حوالے سے مختلف سرکاری ،نیم سرکاری اداروں اور کارپوریشنوں کے علاوہ عدلیہ کے مختلف بڑے اور ذیلی دفاتر میں خصوصی تقاریب کا انعقاد عمل میں لایا گیا جس میں ملازمین اور افسروں نے اس عزم کو دہرایا کہ وہ کسی بھی قیمت پر اپنے پیشے کے ساتھ غداری کے مرتکب نہیں ہونگے یعنی وہ سرکاری کام کاج کے دوران اپنا رول ایمانداری اور دیانتداری سے انجام دینگے اس ہفتے کے حوالے سے جو تقاریب منعقد ہوئیں ان میں حلف برداری کی تقریب بھی منعقد ہوئی ۔حلف برداری کا مقصد یہ باور کرنا ہے کہ ملازمین ہر صورت میں اپنا کام کاج شفاف طریقے پر انجام دینگے ۔سرکاری اداروں میں جو تقاریب منعقد ہو رہی ہیں ان کا مقصد عوام کو بد عنوانیوں کے مختلف پہلوﺅں سے آگاہ کرنا ہے ۔گورننگ سیٹ اپ میں شفافیت اور جوابدہی کی یقینی بنانے کے لئے حکومت کی جانب سے مختلف سنگین اور سخت اقدامات اور قانونی دفعات اٹھائی گئی ہیں ۔اس ویجی لنس ہفتے کے دوران کیا کچھ انجام پاتا ہے کس طرح ملازمین اور افسران قسمیں کھا کھا کر کہیں گے کہ وہ کسی بھی صورت میں بدعنوانیوں اور بے ضابطگیوں کے مرتکب نہیں ہونگے لیکن اصل صورتحال اس ہفتے کے بعد سامنے آے گی جب یہ ملازمین اور افسراں روزمرہ کے کام کاج میں مشغول نظر آینگے ۔اس وقت جہاں اور جس کسی دفتر میں ویجی لنس ہفتے کے حوالے سے تقریب منعقد ہوتی ہے اس میں افسراں ملازمین پر زور دیتے ہیں کہ وہ اس لعنت کو روکنے یعنی کورپشن کو روکنے کے لئے انفرادی سطح پر طرز عمل میں تبدیلی لائیں ۔ملازمین سے کہا گیا کہ وہ لگن اور ایمانداری کے ساتھ کام کریں اور اخلاقی اقدار کو ابھارنے میں اہم رول ادا کریںتاکہ نئی نسلیں دیانتداری کو اپنا نصب العین بنائیں۔افسروںنے کہا کہ اپنے آپ کے ساتھ ساتھ دوسروں کو بھی ہر قسم کے بد عنوان طریقوں سے آگاہ کرنا چاہئے اور اس بات کو یقینی بنایا جانا چاہئے کہ کوئی بھی بد عنوانی میں ملوث نہ ہو ۔ان تقاریب سے خطاب کے دوران کہا گیا کہ ہر مذہبی تعلیمات میں بدعنوانی کی مذمت کی گئی ہے ۔انہوں نے طلبہ کو اخلاقی طور پر زندگی میںسبقت حاصل کرنے کے لئے اپنی ذہنی اور جسمانی صلاحیتوں کو بڑھانے کے لئے تعلیمی اور غیر نصابی سرگرمیوں کا حصہ بننے کا مشورہ دیا افسروں کا کہنا ہے کہ انتظامیہ بدعنوانی کے خلاف صفر رواداری رکھتی ہے ۔عدلیہ سے وابستہ ملازمین ،افسروں اور وکلاءنے بھی ویجی لنس ہفتے کے سلسلے میں حلف برداری کی تقریب منعقد کی جس میں ایڈوکیٹ جنرل نے بر وقت کاروائیوں کے لئے سرکاری کاروبار کو چلانے کے لئے اپنے مینڈیٹ سے متعلق توجہ کے شعبے کو بہتر بنانے کی کوششوں اور کارکردگی کو سراہا ۔انہوں نے شرکا کو شفافیت ،جوابدہی اور اپنی اسانمنٹس سے منسلک ذمہ داریوں کے اشتراک اور بنیادی طور پر دیانتداری کی ضرورت سے آگاہ کیا ۔ملازمین اور افسروں پرزور دیا گیا کہ وہ اپنی مدت ملازمت میں اپنی مہارت بڑھاتے رہیں اوربدعنوانیوں سے پاک سرکاری انتظامیہ کے قیام کو یقینی بنائیں ۔