سری نگر/ وادی میں سہ پہر کے بعد تیز آندھی چلنے کے نتیجے میں ایک دفعہ پھر خوف و دہشت کا ماحول پھیل گیا۔ اس دوران جھیل ڈل میں ریور پولیس نے دو درجن کے قریب سیاحوں کو بچایا ۔ اطلاعات کے مطابق جمعے کی سہ پہر کو سری نگر میں موسم نے اچانک کروٹ لی جس کے ساتھ ہی تیز آندھی چلنے کی وجہ سے لوگوں پر خوف طاری ہوا ۔ سٹی رپورٹر نے بتایا کہ جھیل ڈل میں تیز ہوائیں چلنے کی وجہ سے دو درجن سے زائد سیاح جھیل ڈل کے بیچ و بیچ پھنس کر رہ گئے۔ انہوں نے کہاکہ ریور پولیس اور ایس ڈی آر ایف کی ٹیموں نے فوری کارروائی عمل میں لا کر کشتیوں میں پھنسے ہوئے سیاحوں کو محفوظ جگہ منتقل کیا۔ سیاحوں نے بتایا کہ ریور پولیس نے اپنی جانوں کو جوکھم میں ڈال کر متعدد سیاحوں کو بچانے میں کامیابی حاصل کی۔