کسانوں کو قرض اور مالی امداد کی خدمات فراہم کرنے کے عمل کو آسان اور ہموار کریں، بینکوں پر دیا زور
جموں کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے یہاں ایک میٹنگ کے دوران مالیاتی اداروں پر زور دیا کہ وہ زرعی قرضہ کے سکیموں کے تحت کاشتکاروں کو فائدہ پہنچانے کےلئے عملی اقدامات اُٹھائے ۔ انہوںنے کہا کہ کسانوں کے معیار زندگی کو بہتر بنانے کےلئے سرکار پرعزم ہے اور اس کےلئے جموں کشمیر میں مختلف پروجیکٹوں کے منصوبوں پر عمل کیا جائے گا۔ اس ضمن میں لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے ہولیسٹک ایگریکلچر ڈیولپمنٹ پروگرام (ایچ اے ڈی پی) کے لیے بینکنگ اور مالیاتی اداروں کی زرعی قرضہ اسکیموں کے نفاذ کا جائزہ لینے کے لیے ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کی صدارت کی۔لیفٹیننٹ گورنر نے بینک کے عہدیداروں اور انتظامی افسران کو ہولیسٹک ایگریکلچر ڈیولپمنٹ پروگرام کے مو¿ثر نفاذ اور کسان کریڈٹ کارڈ اور زراعت اور اس سے منسلک سیکٹر کی دیگر مرکزی اور مرکز کے زیر انتظام اسکیموں کے تحت فوائد کی 100 فیصدیقینی کے لیے ضلعی سطح پر ہموار تال میل کی ہدایت کی۔انہوں نے بینک کے افسران کو یہ بھی ہدایت دی کہ وہ جموں و کشمیر دونوں ڈویژنوں کے لیے نوڈل آفیسر مقرر کریں تاکہ ”ہولسٹک ایگریکلچر ڈیولپمنٹ پروگرام “اور زراعت اور اس سے منسلک شعبے کی دیگر اسکیموں کے تحت بینکوں کو موصول ہونے والے کیسوں کی نگرانی کی جاسکے۔ہولسٹک ایگریکلچر ڈیولپمنٹ پروگرام کے نفاذ میں چھوٹے اور معمولی کسانوں کو اولین ترجیح ہونی چاہیے۔ لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ ڈپٹی کمشنرز کو یہ یقینی بنانا چاہیے کہ کسانوں کو ترقی کے انجن میں تبدیل کیا جائے اور اضلاع کو ایسی تنظیموں کی کامیابی کی کہانیوں کے لیے مقابلہ کرنا چاہیے۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ ہولیسٹک ایگریکلچر ڈیولپمنٹ پروگرام (ایچ اے ڈی پی) کے تحت 5013 کروڑ روپے کے 29 پروجیکٹوں کا جموں و کشمیر کی زرعی معیشت پر تبدیلی کا اثر پڑے گا۔انہوں نے بینک کے عہدیداروں سے معلومات بھی طلب کیں اور ان پر زور دیا کہ وہ دیگر اسٹیک ہولڈرز کی حوصلہ افزائی کریں کہ وہ قرض کے ادارہ جاتی ذرائع تک کسانوں کی رسائی کو بہتر بنانے اور زراعت اور اس سے منسلک شعبے کو مزید مضبوط بنانے میں حکومت کی کوششوں کی تکمیل کریں۔لیفٹیننٹ گورنر نے پبلک سیکٹر کے بینکوں، انتظامی محکموں اور دیگر مالیاتی اداروں کی پچھلی میٹنگوں میں دی گئی ہدایات پر کی گئی کارروائی کی بھی تعریف کی۔بینکوں کے افسران کو ہدایت کی گئی کہ وہ کسانوں کو قرض اور مالی امداد کی خدمات فراہم کرنے کے عمل کو آسان اور ہموار کریں۔ ایس ایچ اتل ڈلو، ایڈیشنل چیف سکریٹری، محکمہ زراعت پیداوار نے زراعت اور اس سے منسلک شعبے میں اسکیم کے نفاذ کے لیے قرض کی توسیع کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ڈاکٹر مندیپ کمار بھنڈاری، لیفٹیننٹ گورنر کے پرنسپل سکریٹری، ایس بلدیو پرکاش، ایم ڈی اور سی ای او جے اینڈ کے بینک؛ سول سیکرٹریٹ میں ہونے والی میٹنگ میں ڈپٹی کمشنرز، مختلف بینکوں، مالیاتی اداروں کے سربراہان اور نمائندوں اور یو ٹی انتظامیہ کے دیگر اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔