ہندوستانی کپتان روہت شرما کا ماننا ہے کہ کرکٹ کے سب سے چھوٹے فارمیٹ میں اپنائے گئے بولڈ رویے سے ٹیم کو کبھی کبھی ناکامیاں ملیں گی، لیکن انہوں نے اس سے انکار کیا کہ گزشتہ سال متحدہ عرب امارات میں کھیلے گئے ٹی20 عالمی کپ کے دوران ٹیم نے قدامت پسند رویہ اپنایا تھا۔روہت شرما نے کہا کہ نئے رویے سے کھلاڑیوں کو زیادہ آزادی ملی ہے، جس سے کہ عالمی کپ کی مایوس کن مہم کے بعد ٹیم کو کامیابی ملی۔ ہندوستان عالمی کپ میں دوسرے دور سے آگے نہیں بڑھ پایا تھا۔روہت شرما نے ویسٹ انڈیز کے خلاف 5 ٹی20 میچوں کی سیریز سے پہلے کہا، ’ہم گزشتہ عالمی کپ میں سازگار نتائج حاصل نہیں کر پائے تھے، لیکن اس کا مطلب یہ نہیں کہ ہم نے اتنے سالوں میں خراب کرکٹ کھیلی اورمیں اس بات سے متفق نہیں ہوں کہ ہم قدامت پسند کرکٹ کھیل رہے تھے۔ اگر ہم عالمی کپ میں ایک یا دو میچ ہارتے ہیں، اس کا مطلب یہ نہیں کہ ہم نے مواقع کا فائدہ نہیں اٹھایا‘۔