ایونٹ 2 نومبر کو منعقد ہوگا ، مختلف فارمیٹس اور دیگر دِلچسپ سرگرمیوں کا بھی اِنعقاد کیا جائے گا
وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے آج آئندہ کشمیرمیراتھن۔2025 کی تیاریوں کا جائزہ لینے کے لئے ایک میٹنگ کی صدارت کی ۔ یہ ایک اہم کھیلوں کا ایونٹ ہے جس کا مقصد کھیلوں ، فِٹنس ، سیاحت اور کشمیر کی متحرک ثقافت کو فروغ دینا ہے۔میٹنگ میں وزیر اعلیٰ کے مشیر ناصر اسلم وانی، وزیر اعلیٰ کے ایڈیشنل چیف سیکرٹری دھیرج گپتا، ایڈیشنل چیف سیکرٹری سیاحت، پرنسپل سیکرٹری فنائنانس، صوبائی کمشنر کشمیر، سیکرٹری آئی ٹی، اطلاعات و جی اے ڈی اور دیگر سینئر افسران نے شرکت کی۔ناظم سیاحت کشمیر نے میراتھن کے حوالے سے تیاریوں اور مجوزہ سرگرمیوں پر ایک تفصیلی پرزنٹیشن دی۔وزیر اعلیٰ نے اِس بات پر زور دیا کہ یہ میراتھن صرف ایک کھیلوں کا مقابلہ نہ ہو بلکہ ایک مکمل ثقافتی اور سیاحتی تجربہ بھی بننا چاہیے۔اُنہوں نے اَفسران کو ہدایت دی کہ ہوٹلوں، ریستوران اور مقامی کاروباری اِداروں کے ساتھ اشتراک کیا جائے تاکہ شرکا¿ اور سیاحوں کے لئے خصوصی پیکیج فراہم کئے جا سکیں جس سے انہیں کشمیر کی مہمان نوازی، ضیافتوں اور ورثے سے لطف اندوز ہونے کا موقع ملے۔وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے یہ بھی تجویز دی کہ مکمل اور نصف میراتھن کے علاوہ مقامی افراد کے لئے 10 کلومیٹر اور 5 کلومیٹر کی دوڑیں بھی شامل کی جائیں تاکہ کمیونٹی کی شمولیت بڑھے اور نوجوانوں کی حوصلہ افزائی ہو۔اُنہوں نے دیرپائی کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے ہدایت دی کہ اِس میگا ایونٹ کے لئے ٹائٹل سپانسر حاصل کرنے کی کوشش کی جائے تاکہ مالی استحکام اور برانڈ کی زیادہ نمائش کو یقینی بنایا جا سکے۔عمرعبداللہ نے دہلی میراتھن اور دیوالی کی تقریبات کو مدنظر رکھتے ہوئے ہدایت دی کہ کشمیر میراتھن۔ 2025 کو پہلے سے تجویز کردہ 19 اکتوبرکی تاریخ کے بجائے 2 نومبر 2025 (اتوار) کو منعقد کیا جائے۔ناظم سیاحت کشمیر نے تقریب کے پیمانے اور ساخت سے متعلق جانکاری دی۔ اس ایونٹ کے دوسرے ایڈیشن میں مکمل میراتھن (42.19 کلومیٹر)، نصف میراتھن (21.09 کلومیٹر)اور 10 کلومیٹر کی دوڑ شامل ہوگی جو سری نگر کے نمایاں مقامات جیسے پولوویو، راجباغ، لال چوک، ٹی آر سی، نشاط گارڈن اور ایس کے آئی سی سی سے گزرے گی جہاں شرکا¿کو کشمیر کے موسم خزاں کے دِلکش مناظرسے لطف اندوز ہونے کا موقع ملے گا۔ایونٹ کو ایک پیشہ ور ایونٹ مینجمنٹ ایجنسی کی طرف سے سپورٹ کیا جائے گا جو لاجسٹکس، برانڈنگ، کھلاڑیوں کی سہولیات اور پوسٹ ایونٹ مینجمنٹ کے لئے ذمہ دار ہے۔میراتھن میں ایک میراتھن ایکسپو اور شاندار ثقافتی شام کا بھی اِنعقاد ہوگا جس کا مقصد کھلاڑیوں، سیاحوں اور مقامی لوگوں کو شامل کرنا ہے اور کشمیری فن، ثقافت اور روایات کو اُجاگر کرنا ہے۔اہم بات یہ ہے کہ اِس تقریب کو ماحول دوست طریقوں سے ہم آہنگ کیا جا رہا ہے۔ میراتھن میں سکول سطح کی سرگرمیوں اور تفریحی دوڑوں کے ذریعے نوجوانوں کی شمولیت کو فروغ دیا جائے گاجبکہ این جی اوز اور مقامی رضاکار ” ایکو ۔والنٹیئرز “ کے طور پر صفائی اور دیرپائی کے اقدامات میں شامل ہوں گے۔اِس موقعہ پر وزیر اعلیٰ نے کشمیر میراتھن۔ 2025 کی تشہیری ویڈیو کا اِفتتاح کیا اور انہیں گزشتہ برس کے ایڈیشن میں نصف میراتھن مکمل کرنے پر شرکت کا سر ٹیفکیٹ بھی پیش کیا گیا۔عمر عبداللہ نے اَپنی حکومت کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر میراتھن کو ایک عالمی معیار کے کھیلوں کے مقابلے کے طور پر پیش کیا جائے گا جو وادی کی قدرتی خوبصورتی کو اُجاگر کرے گا، سیاحت کو فروغ دے گا اور صحت، تندرستی اور کمیونٹی کے اتحاد کے جذبے کو فروغ دے گا۔














