آئی سی سی ٹی-20 عالمی کپ کی تاریخوں کا اعلان کر چکا ہے اور ساتھ ہی کون سے گروپ میں کون سی ٹیمیں ہوں گی، اس کا بھی اعلان کیا جا چکا ہے، لیکن ابھی تک مکمل شیڈول جاری نہیں کیا گیا ہے۔ اس درمیان ہندوستان اور پاکستان کے درمیان لیگ راؤنڈ میں کھیلے جانے والے میچ کے تعلق سے اہم جانکاری سامنے آئی ہے جس میں کہا جا رہا ہے کہ 24 اکتوبر کو یہ میچ لوگ دیکھ سکیں گے۔
آئی سی سی نے جب ٹی-20 عالمی کپ کے لیے دونوں گروپ کا اعلان کیا تھا، تو ہندوستان اور پاکستان دونوں کو گروپ-2 میں رکھا تھا۔ اس اعلان کے بعد ظاہر ہو گیا تھا کہ دونوں ٹیمیں لیگ راؤنڈ میں ایک دوسرے کے خلاف کھیلتی ہوئی نظر آئیں گی۔ یہاں قابل ذکر ہے کہ ہندوستان اور پاکستان کے درمیان خراب رشتوں کے مدنظر دونوں ممالک کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان طویل مدت سے کوئی دو فریقی سیریز نہیں کھیلی گئی ہے۔