نئی دہلی: ہندوستانی مرد ہاکی ٹیم نے ٹوکیو اولمپکس میں جرمنی کو شکست دے کر 41 سال بعد اولمپکس کا کانسہ میڈل جیت کر تمغوں کے قحط کا خاتمہ کر دیا ہے۔ میچ کے دوران دونوں ٹیموں نے اپنی طاقت کے ساتھ ہاکی کھیلی۔ ابتدائ میں جرمنی، ہندوستان کے مقابلے تھوڑا حاوی رہا۔ دوسرے منٹ میں پہلا گول بھی جرمنی کی جانب سے ہوا۔ مڈ فیلڈر عروج تیمور نے شاندار گول کرتے ہوئے ٹیم کو 0۔1سے برتری دلائی۔ اس کے بعد ہندوستان نے ایک گول کے تعاقب میں جارحیت کا مظاہرہ کیا لیکن گول نہ ہو سکا اور پہلا کوارٹر 0-1 کے اسکور پر ختم ہوا۔دوسرے کوارٹر میں ہندوستان نے واپسی کی اور دو گول داغے، جبکہ جرمنی نے بھی ایک گول کیا اور اسکور 3-3 کے برابری پر آ گیا۔ اس کے بعد ہندوستان نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 2 گول اور داغے۔ آخری کوارٹر میں جرمنی ایک گول کرنے میں کامیاب رہا لیکن ہندوستان نے یہ مقابلہ 5-4 سے اپنے نام کر لیا۔سال 1980 کے ماسکو اولمپک کھیلوں کے بعد یہ ہندوستان کا پہلا اولمپک ہاکی تمغہ ہے۔ ساتھ ہی اولمپکس کی تاریخ میں یہ ہندوستان کا تیسرا ہاکی کانسہ میڈل ہے۔ دیگر دو کانسہ کے تمغے 1968 میکسیکو سٹی اور 1972 میونخ گیمز میں آئے تھے۔ ہندوستانی مرد ہاکی ٹیم نے اوور آل اولمپکس میں 12 تمغے جیتے ہیں جن میں آٹھ گولڈ، ایک سلور اور تین کانسہ کے تمغے شامل ہیں۔ہندوستانی ہاکی کا دنیا میں نام کرنے والی ٹیم انڈیا کا ہر کھلاڑی آج ہیرو ہے، ایسے میں ہر کوئی اپنی ٹیم کے تمام کھلاڑیوں کے بارے میں جاننا چاہتا ہے۔