دبئی : دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے ٹی ٹوینٹی ورلڈ کپ کے سپر 12 مرحلہ کے ایک میچ میں نیوزی لینڈ نے ہندوستان کو شکست دے کر اپنی امیدوں کو زندہ رکھا ہے۔ وہیں ہندوستان کی امیدوں کو بڑا جھٹکا لگا ہے۔ ٹاس ہار کر پہلے بلے بازی کرتے ہوئے ہندوستان نے سات وکٹوں کے نقصان پر 110 رن بنائے اور نیوزی لینڈ کو 111 رنوں کا ہدف دیا ہے۔ نیوزی لینڈ کی ٹیم نے اس چھوٹے ہدف کو 14.3 اوورس میں دو وکٹ گنوا کر حاصل کرلیا۔چھوٹے ہدف کا تعاقب کرنے اتری نیوزی لینڈ کی ٹیم کی شروعات اچھی رہی اور پہلے دونوں سلامی بلے بازوں نے تیز رفتاری سے پہلی وکٹ کیلئے 24 رنوں کی شراکت داری کی۔ مارٹن گپٹل 20 رن بناکر آوٹ ہوئے۔ اس کے بعد کین ولیمسن اور ڈیرین مشیل نے اننگز کو سنبھالا اور ٹیم کو جیت کے قریب پہنچایا۔ نیوزی لینڈ کی دوسری وکٹ 96 رن کے مجموعی اسکور پر گری۔ مشیل 35 گیندوں پر 49 رن بناکر آوٹ ہوئے۔ تاہم ایک اینڈ پر کپتان ولیمسن جمے رہے اور انہوں نے ناٹ آوٹ 33 رن بنائے۔ اس کے علاوہ ڈیوون کانوے نے دو رن بنائے۔ ہندوستان کی طرف سے بمراہ نے ہی دونوں وکٹیں حاصل کیں۔ٹاس ہار کر پہلے بلے بازی کرنے کیلئے میدان پر اتری ٹیم انڈیا کو پہلا جھٹکا ایشان کشن کے طور پر لگا۔ ایشان کشن میچ کی تیسری اوورس میں ٹرینٹ بولٹ کی گیند پر بڑا شارٹ کھیلنے کی کوشش میں کیچ آوٹ ہوگئے۔ انہوں نے سات رن بنائے۔ اس کے بعد پاور پلے کے آخری اوور میں بڑا شارٹ کھیلنے کی کوشش میں کے ایل راہل بھی آوٹ ہوگئے۔ کے ایل راہل نے 18 رن بنائے۔ کے ایل راہل کے بعد روہت شرما بھی بہت دیر تک کریز پر نہیں ٹھہر سکے اور وہ بھی آوٹ ہوگئے۔ روہت شرما نے 14 رن بنائے۔