نائب صدر نے دیہی علاقوں میں ٹیلی میڈیسن ادارے تیار کر کے آئی ٹی میں بھارت کی طاقت سے فائدہ اٹھانے کی اپیل کی
سرینگر/01 نومبر 2021/ نائب صدر جمہوریہ جناب ایم وینکیا نائڈو نے آج طبی پیشے میں افرادی قوت کی قلت کے مسئلے کو حل کرنے کی فوری ضرورت پر زور دیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کووڈ – 19 وبا نے بنیادی ، ثانوی اور تیسری سطح پر ہمارے صحت کے بنیادی ڈھانچے کی توسیع کی ضرورت کو اجاگر کیا ہے۔ وجے واڑا میں واقع سدھارتھ میڈیکل کالج میں نئے یونٹوں اور جدید ترین سازو سامان کا افتتاح کرنے کے بعد طبی طلبا اور اساتذہ سے بات کرتے ہوئے نائب صدر نے اپنی خوشی کا اظہار کیا کہ ہندوستان 2024 تک ڈبلیو ایچ او کی سفارش کردہ ایک ڈاکٹر فی ایک ہزار افراد کے تناسب کو حاصل کرنے کے راستے پر گامزن ہے۔ انہوں نے پردھان منتری آیوشمان بھارت صحت بنیادی ڈھانچے کے مشن کی شروعات کی بھی ستائش کی۔ جس میں اگلے 4 سے 5 سالوں میں گاو¿ں سے قومی سطح تک اہم صحت کی دیکھ بھال نیٹ ورک کو مستحکم بنانے کی مانگ کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سالوں سے طبی پیشہ تجارت کا ذریعہ بنا ہوا ہے اور اس میں مسلسل اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے مشورہ دیا کہ طلبا مریض کا علاج کرتے وقت انسانی ہمدردی کا خیال رکھیں۔ طبی پیشہ بہترین پیشوں میں سے ایک ہے اور آپ سب کو ہمیشہ ہپوکریٹس عہد کا پابند رہنا چاہئے ،کبھی بھی صحیح راستے سے انحراف نہیں کرنا ہے اور اعلیٰ اخلاق اور اخلاقی معیار کو برقرار رکھنا ہے۔ آئی ٹی سیکٹر میں ہندوستان کی طاقت سے مکمل فائدہ اٹھانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے جناب نائڈو نے دور دراز دیہی علاقوں کے لئے ٹیلی میڈیسن قائم کرنے سمیت مختلف شعبوں میں پبلک – پرائیویٹ پارٹنر شپ کو فروغ دینے کی بات کہی۔ ٹیلی میڈیسن کا شعبہ دیہی بھارت میں قیمتوں میں کمی لانے اور رسائی کو بہتر بنانے میں مدد کرے گا ۔