اپوزیشن کے ہنگامہ آرائی کے باعث ایوان کی کارروائی پورے دن کیلئے ملتوی
نئی دہلی، ۲۲جولائی (یو این آئی) لوک سبھا نے آج متفقہ طور پر ہندوستانی انٹارکٹیکا بل 2022 منظور کیا، جس میں فضلہ کو ٹھکانے لگانے ، فیلڈ میں تحقیق وغیرہ اور جنوبی قطبی خطہ میں محدود تحقیق جیسے کاموں کی منظوری کے لیے ایک کمیٹی قائم کرنے کی اجازت کو یقینی بنایا گیا ہے ۔بل کی منظوری کے بعد اپوزیشن کے ہنگامہ آرائی کے باعث ایوان کی کارروائی پورے دن کے لیے ملتوی کردی گئی۔دو التوا کے بعد سائنس اور ٹیکنالوجی کے وزیر مملکت (آزادانہ چارج) ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے پریزائیڈنگ آفیسر راجندر اگروال کی کال پر انڈین انٹارکٹیکا بل پیش کیا جب ایوان کا اجلاس دوپہر دو بجے شروع ہوا۔ ڈاکٹر سنگھ نے کہا کہ یہ بل بین الاقوامی معاہدوں اور قواعد کی تعمیل کے تقاضوں کو پورا کرنے کے لیے لایا گیا ہے جس کا مقصد جنوبی قطبی خطہ میں غیر فوجی سازی، قدرتی وسائل کے تحفظ اور ماحولیات کے تحفظ کو یقینی بنانا ہے ۔اس دوران اپوزیشن اراکین ڈائس کے گرد جمع ہو گئے اور نعرے بازی شروع کر دی اور ایوان کے وسط میں ہنگامہ آرائی شروع کر دی جس میں مہنگائی کے معاملے پر بحث کا مطالبہ کیا گیا تھا۔ کانگریس لیڈر ادھیر رنجن چودھری نے کچھ کہنے کی کوشش کی لیکن شور میں پوری بات سنائی نہیں دی۔بل پر بحث کا آغاز کرتے ہوئے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے جینت سنہا نے کہا کہ یہ بل اس بات کا ثبوت ہے کہ ہندوستان وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں عالمی لیڈر بننے کی راہ پر گامزن ہے ۔