نئی دہلی(یو این آئی) بین الاقوامی سطح پر خام تیل کی قیمت 75 ڈالر فی بیرل کے نشان کو عبور کرنے کے باوجود پیر کو مسلسل 74 ویں دن مقامی سطح پر پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں کوئی تبدیلی نہیں ہوئی۔ ایندھن کی قیمتوں میں 4 نومبر 2021 کو کمی کی گئی تھی جب مرکزی حکومت نے پٹرول اور ڈیزل پر ایکسائز ڈیوٹی میں بالترتیب 5 اور 10 روپے کی کمی کا اعلان کیا تھا۔ اس کے بعد ریاستی حکومتوں کی جانب سے ویلیو ایڈیڈ ٹیکس ( ویٹ) کو کم کرنے کے فیصلے کے بعد دہلی میں بھی ویٹ کو کم کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ اس کے بعد دارالحکومت میں 2 دسمبر 2021 کو پٹرول تقریباً آٹھ روپے سستا ہو گیا۔ تاہم ڈیزل کی قیمتوں میں کوئی تبدیلی نہیں ہوئی۔ بین الاقوامی سطح پر آج صبح سنگاپور میں لندن برینٹ کروڈ 0.08 فیصد اضافے کے ساتھ 86.13 ڈالر فی بیرل اور یو ایس کروڈ 0.31 فیصد بڑھ کر 84.08 ڈالر فی بیرل پر کاروبار کر رہا تھا۔ پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں کا روزانہ جائزہ لیا جاتا ہے اور اسی کی بنیاد پر نئی قیمتیں ہر روز صبح 6 بجے سے لاگو ہوتی ہیں۔