جونپور: اترپردیش کے ضلع جونپور میں ہفتہ کی دیر شام ایک پٹاخہ فیکٹر میں دھماکہ ہوگیا۔ حادثے میں ایک بچے کی موت اور دیگر پانچ زخمی ہوگئے۔ مقامی انتظامیہ سے موصول اطلاع کے مطابق جونپور کے مڑیاہوں تھانہ علاقے کے بھنڈریا ٹولا میں واقعہ پٹاخہ فیکٹر میں آگے لگنے سے ہوئے دھماکہ کے بعد اتوار کو عمارت کا ملبہ ہٹاتے وقت ایک بچے کی لاش برآمد ہوئی ہے۔متوفی بچے کی شناخت گولا بازار محلہ باشندہ سمت کے بیٹے عابد حمزہ (11) کے طور پر کی گئی ہے۔ وہ گھر سے پٹاخہ خریدنے کی بات کہہ کر نکلا تھا۔ اہل خانہ نے بتایا کہ جب وہ رات تک گھر نہیں پہنچا تو اہل خانہ اس کی تلاش میں نکلے۔ پٹاخہ فیکٹری کے نزدیک اس کی سائیکل ملنے سے اس کے ملبے میں دبے ہونے کے شبہ کا اظہار کیا گیا۔ اہل خانہ کا الزام ہے کہ بچے کی گمشدگی کی جانکاری پولیس کو دی گئی تھی۔ لیکن کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔ حالانکہ صبح پولیس نے جب منہدم عمارت کا ملبہ ہٹایا تو بچے کی لاش ملی۔اس ضمن میں پوچھے جانے پر اڈیشنل سپرنٹنڈنٹ آف پولیس ڈاکٹر سنجے کمار نے بتایا کہ معاملے کی جانچ کرائی جائے گی۔ اگر پولیس کی لاپرواہی سامنے آتی ہے تو متعلقہ پولیس اہلکار کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ موصول اطلاع کے مطابق جس مکان میں دھماکہ ہوا ہے اس میں دیوالی کے پیش نظر غیر قانون طور سے پٹاخے بنانے اور فروخت کرنے کا کام چل رہا تھا۔ ہفتہ کی شام تقریباً پانچ بجے پٹاخوں میں آگ لگ گئی۔ جس کی وجہ سے خوفناک دھماکہ ہوگیا۔ جس کے سبب مکان منہدم ہوگی۔ جس میں مکان مالک سمیت پانچ افراد شدید طور سے زخمی ہوگئے۔