متھرا / مرکزی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے پیر کو اتر پردیش کے متھرا کے ورنداون میں سموید گروکلم گرلز سینک اسکول کا افتتاح کیا۔ تمام ریاستوں/مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں این جی اوز/ریاست کے سرکاری اسکولوں کے ساتھ شراکت داری میں 100 نئے سینک اسکولوں کے قیام کی پہل کے تحت، تقریباً 870 طالبات کی تعداد کے ساتھ، پہلے آل گرلز سینک اسکول کا افتتاح کیا گیا ہے ۔ ایک سرکاری پریس ریلیز کے مطابق، یہ پہلے سے موجود 33 سینک اسکولوں کے علاوہ ہیں جو پہلے سے کام کررہے ہیں۔ وزیر دفاع نے اس موقع پر کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی دور اندیش قیادت میں حکومت نے مسلح افواج میں خواتین کو ان کا جائز مقام دیا ہے جسے برسوں سے نظر انداز کیا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ انہیں اپنے مرد ہم منصبوں کی طرح قوم کی حفاظت کا حق حاصل ہے۔خواتین کو بااختیار بنانے کی تاریخ کا یہ ایک سنہری لمحہ تھا جب ہم نے لڑکیوں کو سینک اسکولوں میں داخلے کی منظوری دی تھی۔ آج ہماری خواتین نہ صرف جیٹ طیارہ اڑنے والی لڑاکا ہیں، وہ سرحدوں کو بھی محفوظ کر رہی ہیں۔ یاد رہے کہ راج ناتھ سنگھ نے 2019 میں سینک اسکولوں میں لڑکیوں کے داخلے کی منظوری دی تھی جس کے تحت تعلیمی سیشن 2021-22 سے مرحلہ وار طریقے سے لاگو ہوتے ہیں۔ میزورم کے سینک اسکول چھنگچھپ میں وزارت دفاع کی جانب سے شروع کیے گئے پائلٹ پروجیکٹ کی کامیابی کے بعد یہ فیصلہ کیا گیا۔ 100 نئے سینک اسکولوں کے قیام کے وژن کے پیچھے طلباء کو قومی تعلیمی پالیسی 2020 کے مطابق معیاری تعلیم فراہم کرنا اور انہیں مسلح افواج میں شمولیت سمیت کیریئر کے بہتر مواقع فراہم کرنا ہے۔ ریلیز میں مزید کہا گیا، یہ نجی شعبے کو آج کے نوجوانوں کو کل کے ذمہ دار شہری بننے کے لیے بہتر بنا کر قوم کی تعمیر کے لیے حکومت کے ساتھ مل کر کام کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے۔ وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ اور ریاستی حکومت کے سینئر افسران سموید گروکلم گرلز سینک اسکول، ورنداون کے افتتاح کے موقع پر موجود تھے۔