نئی دہلی، 23 ستمبر (یو این آئی) ٹاٹا اسٹیل کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی میٹنگ میں ٹاٹا گروپ کی سات دھاتی کمپنیوں کے انضمام کو منظوری دے دی ہے ۔ ٹاٹا گروپ نے اپنی کمپنیوں کے استحکام کو لے کر بڑا فیصلہ کیا ہے ۔ اس کے تحت ٹاٹا گروپ کی دھاتوں سے وابستہ تمام کمپنیوں کو ٹاٹا اسٹیل میں ضم کر دیا جائے گا۔ اس کا مطلب ہے کہ گروپ کے دھاتوں سے متعلق تمام کاروبار کی ایک کمپنی، ٹاٹا اسٹیل بن جائے گی۔ ٹاٹا اسٹیل نے اسٹاک ایکسچینج کو بتایا کہ جمعرات کو کمپنی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی میٹنگ میں گروپ کی 7 میٹل کمپنیوں کو ٹاٹا اسٹیل کے ساتھ ضم کرنے کی تجویز کو منظوری دی گئی۔ ٹاٹا گروپ کی یہ میٹل کمپنیاں :- ٹاٹا اسٹیل لانگ پروڈکٹس، دی ٹن پلیٹ کمپنی آف انڈیا لمیٹڈ، ٹاٹا میٹالیکس لمیٹڈ، ٹی آر ایف لمیٹڈ، دی انڈین اسٹیل اینڈ وائر پروڈکٹس لمیٹڈ ، ٹاٹا اسٹیل مائننگ لمیٹڈ اور ایس اینڈ ٹی مائننگ کمپنی لمیٹڈ ہیں۔