لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے کہا ہے کہ جموں و کشمیر میں ملک دشمن عناصر کے خلاف سخت چوکسی برقرار رکھنے اور ملک کی وحدت اور سالمیت کے ساتھ کھیلنے کی کوشش کرنے والوں کو سبق سکھانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ یونین ٹریٹری میں حالات میں معنی خیز تبدیلی آئی ہے جو ترقی کی نئی صبح کا مشاہدہ کر رہی ہے۔اطلاعات کے مطابق گورنر موصوف نے ان خیالات کا اظہارجمعہ کو ” آزادی کا امرت مہوتسو پروگرام “ کے ایک حصے کے طور پر بنٹلاب میں سی آر پی ایف گروپ ہیڈ کوارٹر میں سائیکل ریلی کو جھنڈی دکھانے کے بعد ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ سی آر پی ایف عسکریت پسندوں کے خلاف سخت نگرانی کر رہا ہے اور اسے برقرار رکھنے کی ضرورت ہے۔ ایل جی نے کہا کہ جو لوگ ملک کی یکجہتی اور سالمیت کے ساتھ کھیلنے کی کوشش کرتے ہیں انہیں سبق سکھانے کی ضرورت ہے۔اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ سی آر پی ایف نے جنگجوﺅں کے خلاف جنگ میں بہت بڑا کردار ادا کیا ہے اور قوم کے ساتھ ساتھ جموں و کشمیر کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا ہے ، لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ سی آر پی ایف ہمیشہ امن کی بحالی میں آگے رہا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ میں بہادر سی آر پی ایف جوانوں کو سلام پیش کرتا ہوں جنہوں نے داخلی سلامتی کو برقرار رکھنے اور عسکریت پسندی اور جموں و کشمیر میں امن و امان کی صورتحال سے نمٹنے میں اپنا کردار ادا کیا۔منوج سنہا نے کہا کہ جموں و کشمیر میں پچھلے 13 ماہ کے دوران ایک معنی خیز تبدیلی آئی ہے اور مرکز کے زیر انتظام علاقہ تمام مشکلات پر قابو پاتے ہوئے ترقی کی ایک نئی صبح کا مشاہدہ کر رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ حکمرانی کے نمونے میں حالیہ ساختی تبدیلیوں نے جموں و کشمیر کی مجموعی ترقی کو تقویت دی ہے۔ایل جی نے کہا کہ جموں و کشمیر کو 2047 میں ملک کی ترقیاتی کہانی میں شراکت کے لیے تیار رہنے کی ضرورت ہے