راجستھان کے باڑمیر ضلع میں جمعرات کی شام فضائیہ کا جنگی طیارہ مگ 21 حادثے کا شکار ہو گیا ہے جس کے نتیجے میں دو فضائیہ کے پائلٹوں کی موت ہو گئی۔فضاییہ نے ایک بیان میں کہاکہ ”آئی اے ایف کا ایک جڑواں سیٹر مگ 21ٹرینر طیارہ شام راجستھان کے اترلائی ایئر بیس سے ٹریننگ سورٹی کیلئے روانہ ہوا تھا۔ رات تقریباً 10بجے طیارہ باڑمیر کے قریب حادثے کا شکار ہوگیا۔ دونوں پائلٹوں کو شدید چوٹیں آئیں جن سے ان کی موت ہوگئی۔ جانوں کے ضیاع پر ہندوستانی فضائیہ نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ فضائیہ غمزدہ خاندانوں کے ساتھ مضبوطی سے کھڑا ہے۔“مگ طیارہ گرنے کے بعد بھیمڈا گاو¿ں میں افراتفری مچ گئی۔ بتایا جا رہا ہے کہ تباہ ہونے والے مگ طیارے کا ملبہ تقریباً آدھا کلومیٹر تک پھیلا ہوا ہے۔آئی اے ایف نے مزید کہا کہ حادثے کی وجہ معلوم کرنے کے لیے کورٹ آف انکوائری کا حکم دے دیا گیا ہے۔ وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے حادثے میں جانی نقصان پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ادھر جموں و کشمیر کے لیفٹنٹ گورنر منوج سنہا نے جمعہ کے روز راجستھان میں ہندوستانی فضائیہ کے مگ 21 جیٹ کے حادثے پر افسوس کا اظہار کیا جس میں دو پائلٹ ہلاک ہوئے۔ مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹویٹر پر لیفٹنٹ گورنر منوج سنہا نے لکھا” راجستھان میں باڑمیر کے قریب مگ 21 ٹرینر کے حادثے میں فضائیہ کے دو جانباز ونگ کمانڈر ایم رانا اور فلائٹ لیفٹنٹ آدیتہ بالکے نقصان سے بہت دکھ ہوا ہے۔