کشتواڑ میں چھ ہزار میگاواٹ صلاحیت کے بجلی پروجیکٹوں پر کام چل رہا ہے ،لوگوں کو چوبیس گھنٹے بجلی میسر ہوگی /مرکزی وزیر ڈاکٹر جتندر سنگھ
مرکزی وزیر ڈاکٹر جتندر سنگھ کا کہنا ہے کہ جموں وکشمیر میں بجلی کی قلت کو پورا کرنے کی خاطر کشتواڑ میں متعدد بجلی پروجیکٹوں پر کام جاری ہے۔ انہوں نے بتایا کہ مذکورہ بجلی پروجیکٹوں پر کام مکمل ہونے کے بعد کشتواڑ ضلع چھ ہزار میگاواٹ بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت حاصل کرئے گا۔ اطلاعات کے مطابق وزیر اعظم کے دفتر میں تعینات وزیر مملکت ڈاکٹر جتندرر سنگھ نے جموں میں عوامی ریلی سے خطاب کے دوران کہاکہ کشتواڑ ضلع بھارت کا بجلی کی آماجگاہ بننے جارہا ہے۔ا نہوں نے بتایا کہ کشتواڑ میں اس وقت متعدد بجلی پروجیکٹوں پر کام جاری ہے اور عنقریب ہی ان پر کام مکمل ہوگا جس کے بعد ضلع میں چھ ہزار میگاواٹ بجلی پیدا ہوگی جس سے جموں وکشمیر کے لوگوں کو چوبیس گھنٹے بجلی فراہم کرنے کا خواب بھی پورا ہوگا۔ انہوں نے بتایا کہ موجودہ مرکزی حکومت جموں وکشمیر کی تعمیر وترقی پر خصوصی توجہ مبذول کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ جموں وکشمیر کے لوگوں کو اُن کی دہلیزوں پر انصاف فراہم کرنے کی خاطر حکومت کوشاں ہے۔ انہوں نے کہاکہ جموں وکشمیر میں اس وقت بڑے پیمانے پر تعمیر وترقی کے کام شروع کئے گئے ہیں جس کے زمینی سطح پر مثبت نتائج سامنے آرہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ بجلی پروجیکٹوں کے ساتھ ساتھ شاہراﺅں کی مرمت اور دوسری اہم عمارتوں کی تعمیر پر بھی کروڑوں روپیہ خرچ کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ موجودہ حکومت عام لوگوں کو سہولیات فراہم کرنے کی خاطر کام کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ سابقہ مرکزی حکومتوں نے جموں وکشمیر کی طرف کوئی توجہ نہیں دی ہے جس وجہ سے ان خطوں میں تعمیر وترقی کا پہیہ رک گیا لیکن جب سے مودی نے مرکز میں اقتدار سنبھالا جموں وکشمیر کی طرف خصوصی توجہ دی جارہی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ وزیر اعظم جموں وکشمیر کی طرف خصوصی توجہ دے رہے ہیں اور یہاں پر تعمیر وترقی کے حوالے سے جو بھی کام ہاتھ میں لئے گئے ہیں اُنہیں وقت مقررہ کے اندر اندر مکمل کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ تعلیم یافتہ نوجوانوں کو روزگار فراہم کرنے کے بارے میں مرکزی وزیر نے کہاکہ اس حوالے سے حکومت نے زمینی سطح پر اقدامات اُٹھانا شروع کئے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ مرکزی حکومت کی جانب سے خالی پڑی اسامیوں کو پُر کرنے کی خاطر بھی اقدامات اُٹھائے جارہے ہیں۔ مرکزی وزیر مملکت نے بتایا کہ دور دراز دیہی علاقوں کی اور بھی موجودہ حکومت توجہ مبذول کر رہی ہیں۔