بنی گالہ ہاو¿س کی سکیورٹی کیلئے پولیس اورایف سی کے 94 اہلکار تعینات
اسلام آباد: ۶۱ مئی (ایجنسیز) پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت کے بعد وزارت داخلہ نے سابق وزیراعظم کی سکیورٹی کیلئے کیے گئے اقدامات کی تفصیل جاری کر دی ہے۔ سوموار کو وزارت داخلہ کے مطابق سابق وزیراعظم عمران خان کے بنی گالہ ہاو¿س کی سکیورٹی کیلئے پولیس اورایف سی کے 94 اہلکار تعینات کیے گئے ہیں جن میں اسلام آباد پولیس کے 22 جبکہ ایف سی کے 72 اہلکار شامل ہیں۔ عمران خان نے حالیہ جلسوں میں کہا تھا کہ ان کی جان کو خطرہ لاحق ہے اور اس حوالے سے انہوں نے ایک ویڈیو بنا کر محفوظ کر لی ہے تاکہ کسی حادثے کی صورت میں ذمہ داران کا تعین کیا جا سکے۔ سرکاری اعلامیے کے مطابق سوموار کووزیرِاعظم شہباز شریف کی زیر صدارت عمران خان کی سکیورٹی کے حوالے سے اجلاس ہوا جس میں انہوں نے چیئرمین پی ٹی آئی کیلئے فول پروف سکیورٹی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ وزارت داخلہ کی جانب سے وزیراعظم کو عمران خان کی سکیورٹی کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ وزیراعظم ہاو¿س سے جاری بیان کے مطابق پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کو عمران خان کیلئے سکیورٹی فورسز کی تعیناتی پر مکمل عملدرآمد کیلئے کہا گیا ہے۔ وزارت داخلہ نے بریفنگ میں بتایا کہ عمران خان کے بنی گالہ ہاو¿س کی سکیورٹی کیلئے پولیس اور ایف سی کے 94 اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ خیبرپختونخوا پولیس کی طرف سے 36، گلگت بلتستان پولیس کے چھ اہلکاروں کو بھی سابق وزیراعظم کی سکیورٹی کیلئے تعینات کیا گیا ہے۔ سابق وزیراعظم عمران خان کی دارالحکومت اسلام آباد سے باہرنقل و حرکت کے دوران اسلام آباد پولیس کی چار گاڑیاں اور23 اہلکار جبکہ رینجرر کی ایک گاڑی اورپانچ اہلکار ان کے ساتھ ہمہ وقت موجود ہوتے ہیں۔