جنوبی ضلع شوپیاں کے ترکہ وانگام علاقے میں اتوار کے روزجنگجووں اور پولیس وسی آر پی ایف کی مشترکہ ٹیم کے درمیان کراس فائرنگ کے نتیجے میں ایک مقامی نوجوان زخمی ہوا جو بعد میں زخموں کی تاب نہ لا کر دم توڑ بیٹھا۔ پولیس بیان کے مطابق جنگجووں نے سیکورٹی فورسز کی مشترکہ ٹیم پر فائرنگ کی جس دوران کراس فائرنگ میں عام شہری مارا گیا۔اطلاعات کے مطابق ملی ٹینٹوں نے سی آر پی ایف کی 182 بٹالین اور پلوامہ کے ایس او جی کی مشترکہ گشتی پارٹی پر لتر پلوامہ کو ترکوانگم، شوپیاں سے جوڑنے والے پل کے قریب فائرنگ کی۔عسکریت پسند اور فورسز کی مشترکہ ٹیم کے درمیان فائرنگ کے تبادلے کے دوران، ایک شہری شعیب احمد غنی ولد غلام محمد سکنہ ترکوانگام شوپیان زخمی ہو گیا۔انہیں علاج کے لیے ضلع ہسپتال، پلوامہ منتقل کیا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔تاہم عسکریت پسند مختصر "موقعہ تصادم” کے بعد قریبی باغات میں گھسنے میں کامیاب ہو گئے۔ علاقے میں تلاش اب بھی جاری ہے۔ انہوں نے کہا، "مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔