لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے اتوار کے روز بڈگام ضلع کے شیخ پورہ علاقے میں کشمیری پنڈتوں پر ان کے ساتھی برادری کے رکن کی ہلاکت کے خلاف احتجاج کے دوران طاقت کے مبینہ استعمال کی تحقیقات کا حکم دیا ہے۔اطلاعات کے مطابق ایل جی سنہا نے سری نگر میں نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ملوث پائے جانے والے اہلکاروں کے خلاف "سخت کارروائی” کی جائے گی۔یاد رہے کہ پولیس نے جمعہ کو پنڈت کالونی شیخ پورہ میں احتجاج کرنے والے کشمیری پنڈتوں کے خلاف "ہلکے” لاٹھی چارج کا کا استعمال کیا اور آنسو گیس کے چند گولے استعمال کیے۔ بتا دیں کہ پنڈت تحصیل دفتر چاڈورہ کے اندر قتل ہونے والے راہول بھٹ کی ہلاکت کے خلاف احتجاج میں سری نگر کے بین الاقوامی ہوائی اڈے کی طرف مارچ کر رہے تھے۔ پولیس نے کہا کہ انہیں منتشر کرنے کیلئے لاٹھی چارج کا استعمال کیا تھا۔ایل جی نے سوگوار خاندان کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بھٹ ٹارگٹ کلنگ کا شکار ہوا ہے۔ جموں و کشمیر انتظامیہ نے مقتول بھٹ کی اہلیہ کے لیے نوکری، خاندان کو مالی امداد دینے کا اعلان کرتے ہوئے ایس آئی ٹی کے ذریعے قتل کی تحقیقات کا حکم دیا ہے اور کہا ہے کہ ان کی بیٹی کے تعلیمی اخراجات بھی حکومت برداشت کرے گی۔