سرینگر سمیت دیگر اضلاع میں شبانہ درجہ حرارت میں اضافہ ہوا
وادی کشمیر میں موسم مسلسل خشک رہنے کے بیچ محکمہ موسمیات نے اگلے ہفتے وادی کے میدانی اور بالائی علاقوں میں درمیانہ درجے سے شدید بارشوں کے ساتھ ساتھ سخت ژالہ باری کی پیش گوئی کی ہے ۔ اس دوران آج سرینگر میںدن کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت27ڈگری در ج کیا گیا جبکہ کل رات کا کم سے کم درجہ حرارت 9.9رہا جو گزشتہ رات کے مقابلے میں قریب ایک اعشاریہ زیادہ تھا۔ وادی کشمیر میں موسم میں بہتری واقع ہونے کے ساتھ ہی شبانہ درجہ حرارت ایک بار پھر معمول سے زیادہ درج ہوا ہے۔ادھر محکمہ موسمیات نے وادی میں بارشوں کے ایک اور مرحلے کی پیش گوئی کی ہے۔متعلقہ محکمے کے ایک ترجمان نے کہا کہ مغربی ہواوں کی ایک اور لہر جموں وکشمیر اور لداخ یونین ٹریٹریوں میں 19 اپریل کو داخل ہو سکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ اس کے نتیجے میں وادی کشمیر میں 20 سے 22 اپریل تک درمیانی درجے سے لے کر بھاری بارشیں متوقع ہیں۔انہوں نے کہا کہ وادی میں موسم بہتر ہونے کے ساتھ ہی پہلگام کو چھوڑ کے شبانہ درجہ حرارت ایک بار پھر معمول سے زیادہ درج ہونے لگا ہے۔بتادیں کہ وادی میں گذشتہ شب کئی ہفتوں کے بعد شبانہ درجہ حرارت معمول سے نیچے ریکارڈ ہوا تھا۔گرمائی دارحکومت سری نگر میں کم سے کم درجہ حرارت 9.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔وادی کے مشہور سیاحتی مقام گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت 5.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔وادی کے دوسرے مشہور سیاحتی مقام پہلگام میں کم سے کم درجہ حرارت 3.3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا۔دریں اثنا وادی میں ہفتے کو صبح سے ہی سے ہی موسم خشک و خوشگوار رہا۔ماہرین موسمیات کے مطابق جموں وکشمیر میں امسال ماہ مارچ میں بارش کی 80 فیصد کمی درج ہوئی ہے۔گرمائی دارلحکومت سری نگر میں ماہ مارچ میں مجموعی طور پر 21.3 بارش ریکارڈ کی گئی جو معمول کےمطابق 117.6 ملی میٹر ریکارڈ ہونی چاہئے تھی۔اسی طرح سرمائی دارلحکومت جموں میں ماہ مارچ میں مجموعی طور پر ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی جو معمول کے مطابق 68 ملی میٹر درج ہونی چاہئے تھی۔دریں اثنا لداخ کے دراس میں رات کا کم سے کم درجہ حرارت منفی 1.1، لہیہ میں 1.0اور کرگل میں 3.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔علاوہ ازیں جموں میں کم سے کم درجہ حرارت 20.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، کٹرہ میں 19.8، بٹوٹ میں 13.1، بانہال میں 9.0، بدرواہ میں 8.7 ڈگری کم سے کم درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا۔