نومنتخب وزیر اعظم شہباز شریف کو امریکہ نے مبارکباد دی
اسلام آباد: ۴۱/ اپریل (یو این آئی) پاکستان کے نومنتخب وزیر اعظم شہباز شریف نے جمعرات کو عمران خان کی قیادت والی سابقہ حکومت کے خلاف تحقیقات کا حکم دیا۔ مسٹر شریف نے پچھلے چار سال سے زیر التوا میٹرو بس پروجیکٹ کو شروع کیے جانے میں تاخیر کرنے کیلئے سابقہ حکومت کو پھٹکار لگائی۔ جیو نیوز کی رپورٹ کے مطابق وزیر اعظم نے اسے ’ سنگین غفلت ‘ قرار دیتے ہوئے اس کے نفاذ میں تاخیر پر اپنی مایوسی کا اظہار کیا۔ اس میگا پراجیکٹ پر پہلے ہی 16 ارب روپے خرچ ہو چکے ہیں، اس کے ساتھ ہی انہوں نے کیپٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) کو 16 اپریل سے اسلام آباد میٹرو بس سروس شروع کرنے کی ہدایت کی۔انہوں نے پشاور میٹرو اسٹیشن کابھی دورہ کیا اور منصوبے کی پیش رفت کا جائزہ لیا۔ پاکستان کے مشترکہ اپوزیشن امیدوار کے طور پر مسٹر شریف نے قومی اسمبلی میں 174 ووٹ حاصل کیے، جس سے وہ ملک کے 23ویں وزیر اعظم بن گئے۔ دریں اثناءامریکی سیکریٹری آف اسٹیٹ انٹونی جے بلنکن نے پاکستان کے نومنتخب وزیر اعظم شہباز شریف کو مبارکباد دی اور حکومت پاکستان کے ساتھ دیرینہ تعاون جاری رکھنے کے بھرپور عزم کا اظہار کیا۔ گزشتہ رات جاری ہونے والے ایک بیان میں انٹونی بلنکن نے کہا کہ پاکستان تقریباً 75 سالوں سے وسیع تر باہمی مفادات میں امریکا کا اہم پارٹنر رہا ہے اور امریکا ان کے تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ امریکا ایک مضبوط، خوشحال اور جمہوری پاکستان کو دونوں ممالک کے مفادات کیلئے ضروری سمجھتا ہے۔ بیان پر ردعمل دیتے ہوئے وزیراعظم کے دفتر نے دونوں ممالک کے درمیان تعاون کی اہمیت اور ضرورت کا اعادہ کیا۔