چرس جیسی منشیات ضبط،کیس درج:پولیس
کپوارہ ضلع میں انسداد منشیات مہم میں ایک بڑی کامیابی میں کپواڑہ پولیس نے سنیچرکی صبح منشیات فروشی میں ملوث 2خواتین کو گرفتار کیا ۔اطلاعات کے مطابق ایک خاص اطلاع ملنے پر ایس ڈی پی اﺅ لولاب اعجاز احمد کی نگرانی میں ایس ایچ او تنویر احمد کی قیادت میں پولیس تھانہ سوگام کی ایک ٹیم نے چیرکوٹ لولاب میں ایک خصوصی ناکہ لگایا جس دوران چیکنگ کا سلسلہ تیز کرتے ہوئے ایک بس زیر رجسٹریشن نمبرJK01Y-0829 کو روکا گیا اور مذکورہ گاڑی سے 2مشکوک خواتین کو نیچے اتارا گیا۔پولیس نے بتایاکہ ان خواتین کی تلاشی کے دوران اُن کے قبضے سے چرس جیسی منشیات کی ایک بڑی کھیپ برآمد ہوئی جس کا وزن 3 کلوگرام تھا۔ پولیس نے جرم میں شامل دونوں خواتین کی شناخت پروینہ بیگم زوجہ نذیر احمد لوہار اور سائبہ اختر دختر میرا لوہار ساکنان ورنو فریسواڑی کپوارہ کے طور پر کی۔دونوں خواتین کو موقع سے گرفتار کر لیا گیا۔ ابتدائی تفتیش کے دوران یہ بات سامنے آئی ہے کہ یہ دونوں منشیات سری نگر لے جا رہی تھیں۔پولیس نے مقدمہ ایف آئی آر نمبر 72/2022زیر سیکشن 8/20,29 این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت تھانہ سوگام میں درج کر کے تحقیقات شروع کر دی ۔پولیس نے کہاکہ آنے والے دنوں میں اس کیس میں مزید گرفتاریاں متوقع ہیں۔