نئی دہلی:۲۱ اپریل (یواین آئی)دہلی اور قومی دارالحکومت خطے (این آر سی)میں منگل کو بھی شدید گرمی اور لو کا قہر جاری رہا اور زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 42 ڈگری سیلسیس کے آ س پاس رہنے کا اندازہ ہے محکمہ موسمیات نے بتایا کہ آج صبح کم از کم درجہ حرارت معمول سے دو ڈگری زیادہ 22.5 ڈگری سیلسیس درج کیا گیا۔پیر کو زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 42.6 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا تھا،جو پچھلے پانچ سال میں اپریل میں درج کیا گیا سب سے زیادہ درجہ حرارت تھا۔ملک میں 29 اپریل 1941 کو مہینے کا اب تک کا سب سے زیادہ درجہ حرارت 45.6 ڈگری سیلسیس درج کیا گیا تھا۔ محکمہ موسمیات نے ہفتے کے دوران زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت میں تھوڑی کمی کی امید ظاہر کی تھی ،کیونکہ اس کے سائنس داں آر کے جینامنی نے پیشن گوئی کی تھی دہلی کے کچھ حصوں میں جزوی طورپر بادل چھائے رہنے کی وجہ سے منگل کو پارہ گرکر تقریباً 40 ڈگری پر آنے آثار ہیں۔اس سے گرمی کا اثر کچھ حد تک کم ہوجائےگا۔ انہوں نے کہا،”بدھ کو اور جمعرات کو درجہ حرارت 39 ڈگری کے ا?س پاس رہے گا لیکن جمعہ کو اس میں پھر اضافہ کا امکان ہے۔شمال مغرب میں ایک مغربی خلل کی وجہ سے گر می سے تھوڑی راحت مل سکتی ہے۔اس سے دہلی میں بادل چھائیں گے،جس کی وجہ سے زیادہ تر مقامات پر زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 2-1 ڈگری نیچے آسکتا ہے۔بادل چھائے رہنے کے باوجود بارش ہونے کے آثار نہیں ہیں۔