واشنگٹن: ۸ اپریل( ایجنسیز) امریکہ میں قائم ایک نجی سائبر سیکورٹی کمپنی نے رپورٹ دی ہے کہ بھارت کے توانائی کے شعبے کو طویل عرصے سے ہیکرز نے نشانہ بنایا ہوا ہے، جس کے بارے میں خیال ہے کہ یہ چین کی سرکاری سر پرستی میں چلنے والے ایک گروپ کی کارستانی ہے۔ میسا چوسٹس میں قائم”ریکارڈڈ فیوچر“کے خطرات سے متعلق تحقیقی ڈویڑن ’انسکٹ گروپ ‘کئی مہینوں سےشواہد اکٹھے کررہا تھا اس کا کہنا ہے کہ ہیکرز دو ایٹمی پڑوسیوں کے درمیان متنازعہ سرحدی علاقے کے قریب الیکٹریکل ڈسپیج اور گرڈ کنڑول کے سات بھارتی ریاستی مراکز کو نشانہ بنارہے ہیں۔ گروپ کی رپورٹ کے مطابق انھوں نے بنیادی طور پر ٹروجن ‘شیڈوپیڈ’ کا استعمال کیا جس کے بارے میں خیال کیا جاتا ہے کہ اسے چین کی وزارت برائے ریاستی سلامتی کے کنٹریکٹرز نے تیار کیا ہے، جس کی وجہ سے نتیجہ اخذ کیا گیا کہ یہ ہیکنگ ایک سرکاری کوشش ہے۔ چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان ڑاو لی جیان نے جمعرات کو کہا کہ بیجنگ نے اس رپورٹ کو نوٹ کرلیا ہے لیکن چین کسی بھی قسم کے سائبر حملوں کی سختی سے مخالفت کرتا ہے اور کسی بھی سائبر حملے کی حوصلہ افزائی اور حمایت نہیں کرے گا۔